پاکستان کیلئے مزید 50 لاکھ فائزر ویکسین کا عطیہ

Dec 25, 2021 | 22:54:PM
امریکا، کرسمس، کورونا وائرس، فائزر ویکسین
کیپشن: فائزر ویکسین، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)امریکا نے مسیحی تہوار کرسمس کے موقع پر پاکستان کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی اضافی 50 لاکھ فائزر ویکسینز عطیہ کی ہیں۔امریکی سفارتخانے کے بیان کے مطابق ویکسین کا یہ عطیہ کوویکس سہولت کے ذریعے کیا گیا جو جلد پہنچنے کی توقع ہے۔
اس نئے عطیے کے بعد اب تک امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ ویکسینز کی تعدد 3 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور انجیلا اگلیر نے کہا کہ ویکسینیٹڈ ہونا وہ بہترین تحفہ ہے جو آپ تعطیلات کے اس سیزن میں اپنے پیاروں کو دے سکتے ہیں، نیا سال ویکسین کی خوراک لگوا کر منائیں۔اس ضمن میں جاری بیان میں بتایا گیا کہ ویکسین کا یہ عطیہ پاکستان سمیت 92 ممالک کو فراہم کرنے کے لیے اس سال امریکا کی خریدی گئی 50 کروڑ فائزر ویکسینز کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اومی کرون کے بڑھنے کا خدشہ۔۔۔محکمہ صحت نے لاک ڈاﺅن کا عندیہ دیدیا
بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں محفوظ اور موثر ویکسین فراہم کرنے کے امریکی صدر جو بائیڈن کے عزم کو پورا کرنے اور وبائی امراض کے خلاف عالمی جنگ کو سپر چارج کرنے کے لیے ویکسینز عطیہ کی جارہی ہیں اس سلسلے میں امریکا دنیا بھر میں پہلے ہی 30 کروڑ ویکسینز عطیہ کرچکا ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ امریکا نے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے کووڈ 19 کے سلسلے میں 6 کروڑ 94 لاکھ ڈالر کی امداد بھی فراہم کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ عالمی وبا کے آغاز کے بعد سے امریکا اور پاکستان نے انفیکشن کی روک تھام اور کنٹرول کو بہتر بنانے، مریضوں کی دیکھ بھال کو بڑھانے، تمام اضلاع میں لیبارٹری ٹیسٹنگ، بیماری کی نگرانی، اور کیس ٹریکنگ کو بڑھانے کے علاوہ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کی مدد کے لیے مل کر کام کیا ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی امریکا کی جانب کوویکس سہولت کے ذریعے فائزر ویکسین کی 50 لاکھ کا عطیہ پاکستان کو موصول ہوا تھا جس کے بعد عطیہ کردہ ویکسینز کی تعداد 3 کروڑ 26 لاکھ ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے اہم رہنما قتل