چودھری شجاعت حسین کی رہنماؤں کو کوئٹہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے پارٹی رہنماؤں کو کوئٹہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کردی۔
چودھری شجاعت حسین کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ مسلم لیگی کارکن انتخابی عمل اور مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پارٹی ترجمان مصطفیٰ ملک ، نعمت خان ،چودھری شجاعت کی ہدایت پر کل تین روزہ تنظیمی دورۂ کوئٹہ پر پہنچیں گے۔
چودھری شجاعت نے ڈاکٹر رفیع اللہ، شکور مری اور بشیر خان اچکزئی سے لوکل باڈیز الیکشن پر گفتگو کی،گفتگو میں سینئر رہنما صوبائی وزیر چودھری شافع حسین اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک بھی موجود تھے۔
سربراہ ق لیگ کاکہناتھا کہ بلوچستان کے معدنیات کے ذخائر صوبے کو دوسرے علاقوں سے بہت آگے لے جائیں گے، بلوچستان کے معدنی ذخائر پر پوری دنیا کی نظریں ہیں، بلوچستان میں پائیدار امن سے معدنیات کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
چودھری شجاعت کا مزید کہناتھا کہ بلوچستان کی ترقی ہماری قومی ترجیح ہے، بلوچ عوام کے حقوق اور ترقی کے منصوبوں میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے،بلوچستان کو نظرانداز کرنا ملک کو کمزور کرنا ہے، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر پر فوری توجہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ وفاق اور صوبہ مل کر بلوچستان کے مسائل حل کریں، ترقی کے ثمرات بلوچستان کے عوام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، مضبوط بلوچستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔
سربراہ ق لیگ کاکہناتھا کہ سی پیک میں بلوچستان کو مزید نمائندگی دینا ہوگی، بلوچ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:مقبول سمارٹ فونز کی فہرست، شیاؤمی کے موبائل نے آنے سے پہلے ہی دھوم مچا دی