سخت گرمی میں کھلے آسمان تلے کام کرنیوالوں کیلئے 7 بہترین مشروب

May 24, 2025 | 12:49:PM
 سخت گرمی میں کھلے آسمان تلے کام کرنیوالوں کیلئے 7 بہترین مشروب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) گرمیوں کا موسم ان کیلئے بھی مشکل ہوتا ہے جو کھلے آسمان تلے کام کرتے ہیں اور ان کیلئے بھی جو چار دیواری میں مصروف رہتے ہیں، ایسے 7 مشروبات درج ذیل ہیں جن کے روزانہ استعمال سے سخت گرم موسم کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ 

لیموں کی سکنجبین

پاکستان میں اکثر لوگوں کی گرمی سے بے حال ہونے کے بعد اوّلین ترجیح لیموں کی سکنجبین ہوتی ہے۔ پاکستان کے طول و عرض میں یکساں مقبول یہ سادہ سا مشروب نہ صرف تازگی کا احساس دلاتا ہے بلکہ صحت بخش بھی ہے۔ اگرچہ اب سکنجبین بنانے کے طریقوں میں جدت آ گئی ہے اور لوگ اس میں اپنی پسند کے مسالوں کا اضافہ کرتے رہتے ہیں لیکن ان کے بنیادی اجزا میں لیموں کا رس، نمک، چینی اور ٹھنڈا پانی شامل ہے۔ اس کی جدید شکلوں میں اسے مزید لذیذ بنانے کے لیے اس میں سفید زیرہ، کالا نمک اور کالی مرچ کا اضافہ کیا جاتا ہے۔

جو کا ستو

گرمی کے توڑ کا ذکر ہو تو جو کا ستو بہت سے لوگوں کا پسندیدہ مشروب ہے، یہ بلا تردّد تیار ہو جاتا ہے اور اپنی ٹھنڈی تاثیر کی وجہ سے مفید بھی ہے، ماہرین صحت کے مطابق جو میں فائبر، وٹامنز اور معدنیات پائی جاتی ہیں اس میں شامل غذائی اجزا اور اینٹی آکسیڈینٹس دل کی صحت کو بہتر بناتے ہیں، طبی ماہرین کے مطابق ستو کے شربت میں گلیسیمیک انڈیکس نہایت کم ہوتا ہے،ستو کو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے لیکن ڈاکٹر ز اسے شکر یا چینی کے بغیر استعمال کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

لسی

لسّی نہ صرف گرمی کا توڑ بلکہ پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ناشتے اور کھانے کا بھی لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے، بنیادی طور پر دہی اور پانی سے تیار کردہ یہ مشروب پینے والے اپنی پسند کے مطابق نمکین یا میٹھا بنا کر پیتے ہیں، یہ ان مشروبات میں سے ایک ہے جو نہ صرف گھروں میں بنتی ہے بلکہ بازاروں میں جا بجا دکانوں اور ٹھیلوں پر بھی بکتی نظر آتی ہے۔ گھروں میں لسی  بلینڈر  سے تیار کرنے کی روایت قائم ہو چکی ہے اور تین منٹ میں مزیدار مکھن سے بھر پور لسّی تیار ہو جاتی ہے۔

املی اور آلو بخارے کا شربت

پاکستان میں قدرتی اجزا سے تیار کردہ مشروبات کی فہرست چھوٹی نہیں ہے اور جب گرمیوں میں تازگی اور لذّت دونوں کا تصوّر کریں تو املی اور آلو بخارے کا شربت اس دوڑ میں پیھچے نہیں رہ سکتا۔  شربت بنانے کیلئے املی اور خشک آلو بخاروں کو پانی میں الگ الگ بھگو دیا جاتا ہے، نرم پڑنے پر املی کے گودے کو گٹھلیوں سے الگ کیا جاتا ہے اور یہی عمل آلو بخاروں کے ساتھ ہوتا ہے پھر اس میں شکر یا چینی ڈال کر بہت سارے پانی کے ساتھ بہت دیر تک ملایا جاتا ہے برف ڈال کر اسے پینے کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔ 

پودینے کا شربت

پودینے میں شامل تازگی کے لاجواب احساس سے کون انکار کر سکتا ہے، پودینے کی خوشبو اور تاثیر دونوں ہی ٹھنڈک کا احساس دلا کر موڈ بھی خوشگوار کر دیتی ہیں اور اگر آپ پودینے کا شربت پی لیتے ہیں تو شاید آپ کا سارا دن اچھا گزرے اسے بنانے کیلئے آپ کو کرنا یہ ہے کہ ایک گڈی پودینہ لینا ہے اور اس کے پتے چْن کر انھیں پیس لینا ہے، اس میں بہت سارا پانی شکر اور لیموں کا رس ملائیں، تھوڑا سا کالا نمک اس کے ذائقے کو دوبالا کر دے گا، اس میں برف ڈالیں اور چسکیاں لے کر لطف اندوز ہوں۔

بادام کی سردائی

موسم گرما کے دوران پاکستان کے کئی علاقوں میں درجہِ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے اوپر رہنا اب تو جیسے معمول بن گیا ہے لیکن آپ پریشان نہ ہوں ایسے میں ہمارے پاس ایک اور بہترین مشروب بھی ہے جو  گرمی کا توڑ ہے، جی ہاں یہ ہے بادام کی سرادئی،اس کے لیے آپ کو چاہیں دو مْٹھی بادام جنھیں پانی میں بھگونے کے بعد نرم کر لینا ہے، ان کا چھلکا اتار کر انھیں دودھ، برف اور ممکن ہو تو تھوڑے سے کاجو ڈال کر بلینڈ کر لیں اس کی لطف اور تاثیر کو دوبالا کرنے کے لیے آپ اس میں تخم بالنگا بھی ڈال سکتے ہیں۔ 

سونف کا شربت

سونف پاکستان میں نہ صرف کھانوں میں استعمال ہوتا ہے بلکہ ہاضمے کے لیے اس کے فوائد بھی ڈھکے چھپے نہیں لیکن کیا آپ نے کبھی اس کا شربت پیا ہے؟،کچھ عرصے قبل سوشل میڈیا پر ہی اس کی ترکیب دیکھنے کے بعد میں نے اسے آزمانے کا فیصلہ کیا اور نتیجہ لاجواب نکلا، دھوپ سے ہو کر آنے پر گرمی کی شدت سے ابلتا دماغ گویا ایسا پْر سکون ہوا کہ دیر تک لطف آتا رہا، اس کو بنانے کیلئےدو کھانے کے چمچ سونف، تھوڑی سی مصری (مٹھاس کے حساب سے) ، چند دانے کالی مرچ ، چار سے پانچ سبز الائچی، ایک چائے کا چمچ خشخاش اور حسبِ ذائقہ کالا نمک لے کر ان سب کو گرائنڈر میں ڈال کر پاؤڈر بنا لیں۔ اس مکسچر کو کسی ڈبے میں محفوظ کر لیں۔ جب بھی گرمی لگے اس میں سے دو کھانے کے چمچ پاؤڈر لے کر اسے دو سے تین گلاس ٹھنڈے پانی میں ڈال کر پی لیں۔ مٹھاس اپنے حساب سے بڑھا سکتے ہیں۔ اس مشروب میں کچے آم یعنی کیری کو کدو کش کر ڈالیں یا پھر املی کا گودا ڈالنے سے اس کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔ گرمی اور تھکاوٹ دونوں ہی ہوا ہو جاتی ہیں۔