نئے تعلیمی سال کا آغاز ! پرائیویٹ سکولز نے بڑا مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پرائیویٹ سکولز نے نئے تعلیمی سال کا کیلنڈر فوری جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا سال میں کم از کم 210 تدریسی دن کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نجی سکولوں کی تنظیموں نے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہونے کے باوجود صوبے کا باقاعدہ تعلیمی کیلنڈر جاری نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے،نجی سکولوں کے مالکان نے محکمہ اسکینڈری ایجوکیشن سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو مزید لٹکانے کے بجائے فوری طور پر حتمی کیلنڈر شائع کرے۔
اسکول مالکان کا کہنا ہے کہ بدلتے ہوئے موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹیوں، امتحانات اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کا ایک واضح شیڈول ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ سال بھر تعلیمی نظام متاثر نہ ہو۔
انہوں نے اصرار کیا کہ قانون کے مطابق سال میں کم از کم 210 تدریسی دن کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ اچانک اور غیر اعلانیہ چھٹیاں نہ صرف بچوں کی پڑھائی کا حرج کرتی ہیں بلکہ سکولوں، والدین اور طلبہ کے لیے بھی شدید پریشانی اور بے یقینی کا باعث بنتی ہیں۔
سٹیک ہولڈرز کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم نے تعلیمی کیلنڈر کا مسودہ تیار کرتے وقت نجی سکولوں سے تجاویز مانگی تھیں اور ان کی اکثر باتوں سے اتفاق بھی کیا تھا، لیکن ایک سال گزر جانے کے باوجود اسے سرکاری طور پر لاگو نہیں کیا جا سکا۔
اس تاخیر پر سخت تنقید کی جا رہی ہے کیونکہ پنجاب کے وزیر تعلیم کئی بار ایک جامع تعلیمی کیلنڈر متعارف کرانے کا اعلان کر چکے ہیں، مگر تاحال یہ وعدہ کاغذی کارروائی سے آگے نہیں بڑھ سکا۔
پرائیویٹ اسکولز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بے یقینی کا خاتمہ کرے اور اسکولوں کو پورے سال کا ایک واضح فریم ورک فراہم کرے۔
یہ بھی پڑھیں : کے-6 چوٹی پر برفانی تودہ گرنے سے فرانسیسی کوہ پیما جاں بحق