ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان، ایڈوائزری جاری کردی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے 25جون تایکم جولائی تک ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری جاری کی ہے ۔
ترجمان کے مطابق 25جون سے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں ،طوفان کیساتھ بارش کا امکان ہے،بارشوں کے باعث لاہور، گوجرانوالہ اورراولپنڈی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد، باغ، راولاکوٹ اور مظفرآبادمیں بھی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کاخدشہ ہے ، کراچی، حیدرآباد،سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش کاامکان ہے،چترال، ہری پور، مالاکنڈ، کوہستان، کرم اورمانسہرہ بھی موسلاھار بارش متوقع ہے ، اسی طرح استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، شگر، دیامیر، نگر،غزراور گھانچے کے علاقوں میں موسلادھار بارش کاامکان ہے ۔
سندھ کے مختلف علاقوں بشمول سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، کراچی، تھرپارکر، میرپور خاص، ٹھٹھ اور بدین کے مختلف مقامات پر 25تا28 جون آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخواہ میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بنیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور سوات کے مختلف علاقوں میں 25جون تایکم جولائی تک آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آندھی اور طوفان کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں،گاڑیوں کو شیڈ کے نیچے یا دیگر محفوظ جگہ پر پارک کریں،آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہذا محتاط رہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے،عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوات: ڈائیوبس اور موٹر کار کے درمیان تصادم،3 افراد جاں بحق اور2زخمی