اداکارہ عائشہ خان کی پراسرارموت،بشریٰ انصاری نے اہم انکشاف کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سینئراداکارہ بشریٰ انصاری نے مرحومہ اداکارہ عائشہ خان کی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے فلیٹ سے سینئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتے پرانی لاش ملی تھی جس پران کے بچوں اورفیملی ممبر کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا رہا۔
بشریٰ انصاری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پرکچھ دنوں سے عائشہ خان آپا کے بارے میں سن رہی ہوں،ان کی موت پر افسوس ہوا اورشرمندگی بھی ہے کہ ہم نے کیوں نہیں دیکھا۔
سینئراداکارہ نے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے لوگ اپنے وی لاگ بنانے کیلئے کس طرح بات کو بڑھا دیتے ہیں اور بہت سی باتیں کررہے ہیں جو سچ نہیں،میں نے 5 سال پہلے عائشہ آپا کے ساتھ کام کیا تھا اور بچوں کے حوالے سے بھی پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے بیرون ملک مقیم ہیں، بچے مجھے بولتے ہیں ہمارے پاس رہو لیکن میرا دل نہیں لگتا، بچے پیسوں کی بھی تنگی نہیں آنے دیتے اور میں کراچی میں اپنے حلقہ احباب کے ساتھ خوش ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:نہیں چاہتی بیٹی بڑھاپے کا سہارا بنے: عفت عمر
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ان کے بچوں پر تہمت نہیں لگائیں،اس سے بھی ان کو تکلیف ہوگی، عائشہ آپا کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کیجئے۔
واضح رہے کہ عائشہ خان کی عمر 77 برس تھی،انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کی جن میں افشاں، عروسہ، فیملی 93 اور مہندی شامل ہیں،عائشہ خان معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں اور گزشتہ کئی سالوں سے ڈراموں سے دور تھیں۔