ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز سے چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز سے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے مؤثر اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا.
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضے قومی وسائل کے ضیاع کے مترادف ہیں، جن کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق کارروائی ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں نیب اور پنجاب حکومت کے مابین باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا تاکہ کارروائیوں میں تیزی اور شفافیت لائی جا سکے۔
ملاقات میں ناجائز قابضین سے سرکاری زمینیں واگزار کرانے کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر قانونی پہلوؤں، درپیش مشکلات اور ان کے حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی تاکہ کسی بھی اقدام کو آئین و قانون کے تقاضوں کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے تمام قانونی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ چیئرمین نیب جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے کہا کہ نیب بدعنوانی اور ناجائز قبضوں کے خلاف اپنی ذمہ داریاں پوری قوت سے ادا کرتا رہے گا۔
ملاقات کے اختتام پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ سرکاری اراضی کے تحفظ اور عوامی مفاد کے اقدامات کو مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنایا جا سکے۔