شعیب اختر کی زندگی پر بنی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کا ٹیزر جاری

Aug 24, 2023 | 12:45:PM
 پاکستان کرکٹ کے سابق اسٹار باؤلر شعیب اختر کی زندگی پر مبنی بائیوپک کا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) تنازعات کے باوجود پاکستان کرکٹ کے سابق اسٹار باؤلر شعیب اختر کی زندگی پر مبنی بائیوپک کا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔ 

فلم کے ٹیزر میں اداکار گوہر رشید قومی کھلاڑی کا کردار نبھاتے نظر آرہے ہیں۔ ٹیزر میں شعیب اختر کے بچپن سے جوانی تک پیش آنے والے واقعات کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔

ٹیزر کی شروعات میں ایک بچے کو راولپنڈی کی گلیوں، سڑکوں اور بازاروں میں تیزی سے دوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

محمد فراز قیصر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار گوہر رشید سمیت سلیم معراج ، شفقت چیمہ، عمیر رانا، عدنان شاہ ٹیپو، رحیم پردیسی، عثمان پیرزادہ، سلمان شاہد، عمیر عالم و دیگر  شامل ہیں۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے جولائی 2022 میں تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جارہی ہے، جس میں شائقین پہلی بار ان سے متعلق بہت ساری باتیں دیکھیں گے اور سنیں گے۔ بعد ازاں نومبر 2022 میں معروف گلوکار و ماڈل عمیر جسوال نے بتایا تھا کہ مذکورہ فلم میں وہ شعیب اختر بنیں گے لیکن جنوری 2023 میں انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر فلم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ عمیر جسوال کی علیحدگی کے بعد شعیب اختر نے بھی جنوری 2023 میں ہی اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم سے راہیں جدا کرلی تھیں۔

مزید پڑھیں:  نوازالدین صدیقی کی ویب سیریز ’ہڈی‘ کا ٹریلر جاری

یاد رہے کہ شعیب اختر کا دعویٰ ہے کہ اُنہوں نے اس فلم کی ریلیز کے خلاف عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کر رکھا ہے شعیب اختر نے رواں سال کے آغاز میں ہی اپنی زندگی پر بنائی جانے والی اس فلم سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اجازت کے بغیر فلم ریلیز کرنے پر سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سابق کرکٹر کے مطابق انہیں فلم کی ٹیم نے دھمکی دی تھی کہ وہ ہر حال میں ان کی زندگی پر فلم بنا کر اسے ریلیز کریں گے، جس کی وجہ سے انہیں عدالت جانا پڑا۔ لیکن اب تنازعات اور شعیب اختر کی جانب سے حکم امتناع حاصل کرنے کا دعویٰ کرنے کے باوجود ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا۔