کوئٹہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 دہشتگرد جہنم واصل، 6 اہلکار زخمی

May 23, 2026 | 20:55:PM
کوئٹہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 دہشتگرد جہنم واصل، 6 اہلکار زخمی
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )سی ٹی ڈی نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی اطلاع پر کوئٹہ کے نواحی علاقوں نوحصار اور پنجپائی میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 9 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔

بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اس حوالے سے بتایا کہ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے ہیں،  فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی ادارے اور حکومت کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ 

انھوں نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،  تمام شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں اور اپنے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے اس حوالے سے بتایا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقوں کچلاک اور نوحصار میں سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی کے دوران 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی ادارے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں،دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

شاہد رند نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 4 بہادر اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم ہے، شہداء نے وطن کے امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

معاون وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق  حکومت بلوچستان زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کررہی ہے،دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن کو سبوتاژ نہیں کرسکتے، ریاست پوری قوت کے ساتھ دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔