یوم پاکستان: مسلح افواج کی پریڈ، لڑاکا طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ

Mar 23, 2024 | 10:34:AM
یوم پاکستان: مسلح افواج کی پریڈ، لڑاکا طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے،یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی، مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد بھی شکر پڑیاں گراؤنڈ میں موجود رہی۔

مرکزی پریڈ میں مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہوئے۔

صبح سویرے اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکاء کے سامنے پیش کیا،آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔

صدر مملکت آصف علی زداری نے مسلح افواج کی مشترکہ مرکزی پریڈ کا معائنہ کیا۔

سعودی عرب کے وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود بھی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔

مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔

فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی تصویروں کے بل بورڈز نصب کیے گئے اور گراؤنڈ کو خصوصی طور پر خوبصورت پھولوں اور پودوں سےسجایا گیا۔

یوم پاکستان کی پریڈ میں گلگت بلتستان سکاؤٹس، چین اور آذربائیجان کے دستے بھی شامل ہوئے جبکہ وفاقی اکائیوں کی خوبصورت اور متنوع ثقافت کی نمائندگی کرنے والے روایتی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ تھے۔

یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، ایئر وائس مارشل طارق محمود نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔