اپوزیشن کا ہنگامی اجلاس، سپیکر قومی اسمبلی کے رویے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

Jun 23, 2026 | 21:13:PM
اپوزیشن کا ہنگامی اجلاس، سپیکر قومی اسمبلی کے رویے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(طیب سیف  ) اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے طرزِ عمل کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی، جبکہ وفاقی بجٹ کو بھی یکسر مسترد کر دیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قائدِ حزبِ اختلاف سے متعلق دیے گئے ریمارکس اور ان کے مبینہ غیر جانبدارانہ رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کے کسٹوڈین اور تمام اراکین کے حقوق کے محافظ ہوتے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں ان کا طرزِ عمل غیر ذمہ دارانہ، جانبدارانہ اور آئینی تقاضوں کے منافی دکھائی دیتا ہے۔

اپوزیشن ارکان نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں اپوزیشن کے ساتھ مسلسل غیر جمہوری رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، جو پارلیمانی روایات، جمہوری اقدار اور آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے اس طرزِ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایوان کی غیر جانبداری برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں وفاقی بجٹ پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے "عوام دشمن" قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ بجٹ میں عام آدمی، مزدور، کسان، سرکاری ملازمین، نوجوانوں اور کم آمدنی والے طبقات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات شامل نہیں کیے گئے۔

اپوزیشن رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت نے معاشی صورتحال کو بہتر ظاہر کرنے کے لیے اعداد و شمار اور الفاظ کے ذریعے حقائق کو چھپانے کی کوشش کی ہے، جبکہ زمینی حقائق اس دعوے کے برعکس ہیں، اجلاس کے اختتام پر اپوزیشن جماعتوں نے عوامی مسائل کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں :ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات