برطانوی وزیر داخلہ کا فلسطین ایکشن پر پابندی کا اعلان 

Jun 23, 2025 | 20:41:PM
برطانوی وزیر داخلہ کا فلسطین ایکشن پر پابندی کا اعلان 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) برطانوی وزیر داخلہ یویٹ کوپر نے انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت فلسطین کی حامی تحریک فلسطین ایکشن  پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

 پیر کے روز برطانوی پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے یویٹ کوپر نے کہا کہ 30 جون کو پارلیمنٹ میں ایک مسودہ پیش کیا جائے گا جس کے تحت فلسطین ایکشن کو کالعدم قرار دیا جائے گا۔ 

 اگر یہ مسودہ منظور ہو گیا تو اس تنظیم کی رکنیت اختیار کرنا یا اس کی حمایت کی دعوت دینا غیر قانونی تصور کیا جائے گا،یہ اعلان اس واقعے کے3روز بعد سامنے آیا ہے جب فلسطین ایکشن کے کارکنوں نے آکسفورڈ شائر میں واقع آر اے ایف برائز نارٹن ایئر بیس میں گھس کر 2 فوجی طیاروں کو نقصان پہنچایا تھا۔ 

 پابندی کے بعد تنظیم کی کسی بھی سرگرمی میں شامل ہونا یا اس کے حق میں حمایت کا اظہار کرنا جرم سمجھا جائے گا۔

واضح رہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ گروپ کے وکلا کی جانب سے دی جانے والی تنبیہ کو نظر انداز کرتے ہوئے کیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایسا اقدام غیر قانونی، خطرناک اور غیر دانشمندانہ ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھیں: ایئر فرانس نے اسرائیل کیلئے پروازیں معطل کردیں