ایرانی صدرکا اگست کے پہلے ہفتے پاکستان کا دورہ متوقع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایران پاکستان دوستی میں مزید استحکام،ایرانی صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے صدرمسعود پزیشکیان آئندہ ماہ پاکستان کا اہم دورہ کریں گے،مسعود پزیشکیان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں۔
سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی صدر کے اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچنے کا امکان ہے،مسعود پزیشکیان کے ہمراہ ایک اعلی سطح وفد بھی پاکستان پہنچے گا،دورے کے دوران ایرانی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں ہوں گی،چئیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اورسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں شیڈول کی جا رہی ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات متوقع ہے،ایرانی صدر ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کریں گے،ایرانی صدر نے دوران جنگ ایرانی پارلیمانی اجلاس میں بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا،مسعود پزیشکیان نے ایرانی پارلیمان کے اجلاس میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے تھے۔
ذرائع کاکہناہے کہ حالیہ ایران اسرائیل جنگ اور بھارت کے پاکستان کے خلاف اسرائیلی اسلحے کے استعمال کے تناظر میں پاک ایران قریب آئے ہیں،باہمی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کے مزید فروغ، پاک ایران باہمی منسلکی، توانائی، تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،پاک ایران سرحدی انتظام اور زائرین کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو گرفتار کرکےپیش کرنے کاحکم