پاکستان شاہینز نے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کو 5 وکٹوں شکست دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان شاہینز نے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔حیدرعلی اور سعود شکیل کی نصف سنچریاں بنائیں اور سنچری پارٹنرشپ کی۔
تفصیلا ت کے مطابق انگلینڈ کی کینٹ کائونٹی کی بیکنھم گراؤنڈ میں پاکستان شاہینز نےپہلے ون ڈے میچ میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس میچ کی خاص بات کپتان سعود شکیل اور حیدرعلی کی نصف سنچریاں اور چوتھی وکٹ کے لیے سنچری پارٹنرشپ تھی۔ بارش کے سبب 50 اوورز کا یہ میچ 28 اوورز تک محدود کردیا گیا ۔ میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور27 اعشاریہ 4 اوورز میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان شاہینز کو جیتنے کے لیےڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 204 رنز کا نظرثانی ہدف دیا گیا جو اس نے 27 اعشاریہ 5 اوورز میں 5 وکٹوں پرحاصل کرلیا۔میزبان ٹیم کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں میرحمزہ نے اسحق محمد کو صفر پر آؤٹ کردیا۔دوسری جانب عبید شاہ نے 4 رنز کے انفرادی اسکور پر ٹام لیوس کی وکٹ حاصل کرلی۔17 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ِول سمیڈ اور حمزہ شیخ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 98 رنز کا اضافہ کیا ۔سمیڈ 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر 84 رنز بناکر معاذ صداقت کی گیند پر بولڈ ہوئے۔حمزہ شیخ 6 چوکوں کی مدد سے44 رنز بناکر فیصل اکرم کی گیند پر کپتان سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے معاذ صداقت سب سےکامیاب بولر رہے انہوں نے 28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سعود شکیل اور فیصل اکرم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز کی اننگز میں اوپنرز علی زریاب آصف اور اذان اویس آٹھ آٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ عمیر بن یوسف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور 3 وکٹوں پر 32 رنز تھا۔کپتان سعود شکیل اور حیدرعلی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔حیدرعلی 5 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔معاذ صداقت 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے30 رنز درکار تھے۔سعود شکیل نے 72 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں4 چوکے شامل تھے۔شاہد عزیز نے اہم موقع پر عمدہ اننگز کھیلی اور ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان شاہینز دورے کا دوسرا ون ڈے میچ 25 جولائی کو پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف اسی گراؤنڈ میں کھیلے گی جبکہ تیسرا ون ڈے میچ 27 جولائی کو ہوو میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت،دیامر سیلاب کی زد میں،جگہ جگہ تباہی، تھک میں5 افراد جاں بحق