گلگت،دیامر سیلاب کی زد میں،جگہ جگہ تباہی، تھک میں5 افراد جاں بحق

شاہراہ بابوسر پر ایک گرلز سکول،دو ہوٹل،50سے زائد مکانات،گندم ڈپو،پولیس چوکی،ٹورسٹ شیلٹر تباہ

Jul 22, 2025 | 21:15:PM
گلگت،دیامر سیلاب کی زد میں،جگہ جگہ تباہی، تھک میں5 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سمیع اللہ)گلگت بلتستان کا ضلع دیامر سیلاب کی زد میں  آ گیا، جگہ جگہ تباہی نظر آ رہی ہے ، پورے علاقے میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔سیلاب کے باعث خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کا ضلع دیامر کے مختلف علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔ چلاس کے علاقے تھور ، نیاٹ ، تھک میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔مضافاتی علاقہ تھور میں سیلاب کی وجہ سے ایک مسجد شہید ، رابطہ پل بہہ گئی اور سیلاب کا پانی واپڈا کالونی تھور میں داخل ہوگیا۔مضافاتی علاقہ تھک میں سیلاب نے جھل تھل ایک کردیا ، 50 مکانات بہا کر لے گیا۔تھک  کےعلاقے میں سیلاب کے باعث خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جن میں ایک شخص مقامی جبکہ دیگر چار افراد کا تعلق ملک کے دیگر صوبوں سے ہے۔تھک میں سیلاب میں چار افراد زخمی ، پندرہ سے زائد لاپتہ اور پندرہ کے قریب گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔بارشوں اور سلائیڈنگ کے باعث بابو سر -چلاس سیکشن میں رابطہ پل بہہ گیا۔ رابطہ پل بہنے کے باعث این -15 وقتی طور پر بند  ہو گئی ۔

ڈی سی دیامر عطاالرحمن کاکڑ کا کہنا ہے کہ سیلاب سے شاہراہ بابوسر پر ایک گرلز سکول،دو ہوٹل،ایک پن چکی،گندم ڈپو،پولیس چوکی،ٹورسٹ پولیس شیلٹر، تباہ ہوگئے ہیں۔سیلابی ریلوں سے شاہراہ بابوسر سے متصل 50سے زائد مکانات مکمل تباہ،آٹھ کلومیٹر سڑک شدید متاثرہ اور پندرہ مقامات پر روڈ بلاک ہے ۔سیلابی تباہ کاریوں سے شاہراہ بابوسر پر تھک 4 رابطہ پل بھی تباہ ہوئے ہیں، ہزاروں فٹ عمارتی لکڑی بھی بہہ گئی ہے، دو مساجد شہید ہوگئیں۔تھک کے علاقے  بابوسر میں مواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ ان سیاحوں کا رابطہ گھروں سے منقطع ہے ۔جو سیاح لاپتہ ہیں انکی تلاش جاری ہے ۔200 سے زائد سیاح ریسکیو کر کے چلاس پہنچا دیا گیا ہے جہاں سے انکے اپنے گھروں سے رابطے بحال ہوئے ہیں ۔محکمہ صحت دیامر نے تھک کے متاثرہ علاقے میں میڈیکل کیمپ قائم کردیا ہے۔تھک میں سیلاب سے متاثر چلاس جلکھڈ روڈ کی بحالی کا کام جاری ہے۔چلاس کے علاقے تتا پانی اور لال پڑی سمیت دیگر مقامات پر سیلاب کے باعث بند شاہراہِ قراقرم چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔بابوسر روڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، تمام موومنٹ معطل کر دی گئی ہے۔  ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔ عوام 930037۔ 05812۔ نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت،بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال،مقامی آبادی خالی کرنیکا حکم

ٹیگز: