ریاست کو جدید ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنا اولین ترجیح ہے؛وزیراعظم آزادکشمیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سفیررضا)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے آزاد جموں و کشمیر میں 5G انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو جدید ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ملک بھر میں 10 مارچ کو 5G سپیکٹرم کی نیلامی متوقع ہے جس کے بعد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی 5G سپیکٹرم کی علیحدہ نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا، جو ریاست کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیز رفتار 5G انٹرنیٹ سے تعلیم، ای ہیلتھ، ای گورننس اور ڈیجیٹل معیشت کو غیر معمولی فروغ ملے گا، نوجوانوں کے لیے روزگار اور آن لائن کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرکاری خدمات مزید مؤثر اور شفاف بن سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں 4G سروسز پاکستان میں آغاز کے چھ سال بعد آزاد کشمیر میں متعارف ہوئیں، تاہم موجودہ حکومت کی کاوشوں سے اس بار آزاد کشمیر کو قومی سطح کے ساتھ ہی 5G سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی راشد حنیف کے مطابق 5G سروسز کا اجرا آزاد جموں و کشمیر کی ڈیجیٹل تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور ریاست کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر مزید آگے لے جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر!ہنڈائی نے ایڈوانس کیساتھ اپنی اہم ترین لگژری گاڑی کی قیمت جاری کردی