ابصار عالم کیFIA میں طلبی کا نوٹس معطل، تفتیشی افسر  7 اپریل کوعدالت طلب

Mar 22, 2021 | 15:50:PM
ابصار عالم کیFIA میں طلبی کا نوٹس معطل، تفتیشی افسر  7 اپریل کوعدالت طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی( پیمرا) ابصار عالم کی ایف آئی اے میں طلبی کا نوٹس معطل کر دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللّٰہ نے ابصار عالم کی جانب سے نوٹسز کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے نوٹس معطل کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو تمام دستیاب مواد سمیت 7 اپریل کوعدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے اپنی رٹ پٹیشن میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائمز رپورٹنگ سنٹر اور انسپکٹر مظہر شاہ کو فریق بنا تے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ایف آئی اے نے انہیں شکایت کی کاپی فراہم کئے بغیر ہی پیش ہونے کا ایک نوٹس جاری کیا جو کہ مقررہ وقت گزرنے کے بعد موصول ہوا ہے ۔ابصار عالم نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹسز کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اہلکاروں کے ذریعے حکومتی پالیسیوں سے اختلاف اور تنقید کے باعث انکی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، انکے خلاف سائبر کرائمز کے قانون کے غلط استعمال کی کوشش کی جا رہی ہے۔

درخواست گزار نے رٹ پٹیشن میں عدالت سے ایف آئی اے کے نوٹس کو غیر قانونی قرار دینے اور درخواست کا فیصلہ ہونے تک ایف آئی اے کو انکی گرفتاری اور انہیں ہراساں کرنے سمیت کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے روکنے کی استدعا بھی کی تھی۔