کامسیٹس یونیورسٹی میں داخلوں اور سکالر شپس کیلئے17جولائی کی ڈیڈلائن مقرر

Jun 22, 2025 | 23:44:PM
کامسیٹس یونیورسٹی میں داخلوں اور سکالر شپس کیلئے17جولائی کی ڈیڈلائن مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی) وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے تحت ایک وفاقی تعلیمی ادارہ ہے۔ کامسیٹس یونیورسٹی، لاہور کیمپس نے گزشتہ سال کے دوران طلبہ کو 512 ملین روپے کی سکالرشپس فراہم کر کے مالی مشکلات کا شکار ہونے والے قابل طلبہ کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی دی۔

 ان سکالرشپس میں سب سے بڑا حصہ 398 ملین روپے کا تھا، جو مزدوروں اور محنت کشوں کے بچوں کے لیے مفت تعلیم کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ اسکالرشپ کے ذریعے دیا گیا۔ اس کے علاوہ طلبہ نے ایچ ای سی نیڈز بیسڈ سکالرشپ، ایچ ای سی انڈیجینس سکالرشپ، پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، برٹش کونسل کی سکاٹ لینڈ پاکستان سکالرشپ اور دیگر متعدد سکیمز سے بھی فائدہ اٹھایا۔ یہ سب کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس کی انتظامیہ کی انتھک محنت اور عطیہ دہندگان کے اعتماد کا نتیجہ ہے، جنہوں نے پاکستان کی ایک اعلیٰ درجہ یونیورسٹی میں طلبہ کی تعلیمی تکمیل کو ممکن بنایا۔
پروفیسر ڈاکٹر سرفراز احمد، ڈائریکٹر سی یو آئی لاہور کیمپس، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "کامسیٹس یونیورسٹی نے انتہائی کم عرصے میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر اپنا نام روشن کیا ہے۔ ہمارے پاس عالمی معیار کی تحقیق کی سہولیات، 150 سے زائد بین الاقوامی تجربے رکھنے والے پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران، پاکستان میں مثالی تحقیقی نتائج، تعلیمی پروگراموں کی وسیع رینج اور مکمل فنڈڈ سکالرشپس کی سہولیات نے کامسیٹس یونیورسٹی کو طلبہ اور والدین کی پہلی پسند بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال میرٹ میں اضافہ ہو رہا ہے، جو والدین کے اس ادارے کے اساتذہ اور سہولیات پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔"
صفدر علی، ہیڈ سٹوڈنٹ سروسز سینٹر، نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے کامسیٹس یونیورسٹی میں ورکرز ویلفیئر فنڈ اسکالرشپ کے تحت مزدوروں کے بچوں کے لیے مفت تعلیم کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ، قائداعظم سکالرشپ کے تحت بی ایس ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور اکنامکس کے طلبہ کو 50 فیصد ٹیوشن فیس معاف کی جاتی ہے۔ ہر سمسٹر میں ٹاپ پوزیشن لینے والے طلبہ کو میرٹ سکالرشپس دی جاتی ہیں، جبکہ احسان ٹرسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے سود سے پاک قرضے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ "ہمارا مقصد یہ ہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کوئی بھی مستحق طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے" انہوں نے زور دے کر کہا۔  سی یو آئی لاہور کیمپس میں 50 سے زائد بی ایس، ایم ایس، اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے داخلے اور سکالرشپس کی درخواستیں 17 جولائی 2025  تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ تمام خواہشمند طلبہ سے درخواست ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور آخری تاریخ سے پہلے اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔ مزید معلومات کے لیے سی یو آئی کی سرکاری ویب سائٹ یا داخلہ آفس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔