محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے احکامات جاری

یوم عاشور پرایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر تعینات کیا جائے،وزیرتوانائی اویس لغاری

Jun 22, 2025 | 12:39:PM
محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے احکامات جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے معاملے پروفاقی۔۔وزیرتوانائی اویس لغاری نے ڈسکوز کے چیئرمین/ سی ای اوز کو فوری اقدامات کرنے کے احکامات دے دئیے۔

وفاقی وزیرنے ڈسکوز کے چیئرمین/ سی ای اوز خط لکھ کر مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر پیشگی مرمت کے احکامات بھی دے دیئے ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی وزیراویس لغاری نے کہاہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے،اس ماہ میں ملک بھر میں لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے،رواں سال محرم میں گرمی کی لہروں کے امکانات ہیں اس لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

وفاقی وزیرپاورنے مزیدکہاکہ مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچایا جائے،تمام ڈسکوز میں خراب سامان کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔

 وفاقی وزیرنے ڈسکوز کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دینے کے بھی احکامات دیتے ہوئے کہاہے کہ یوم عاشورکے موقع پر ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر تعینات کیا جائے محرم الحرام میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کیاجائے.

یہ بھی پڑھیں:ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں: اسحاق ڈار

 وفاقی وزیرنے مزیدکہاکہ صارفین، خصوصاً امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی شیڈولڈ مرمت یا ممکنہ لوڈ مینجمنٹ کے بارے میں پیشگی آگاہ کریں،حساس مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ،کسی بھی غیر متوقع گرڈ مسئلے کی صورت میں بیک اپ بجلی فراہم کی جائے،محرم الحرام کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24/7 دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ تمام سطحوں پر مخصوص کنٹرول سنٹرز قائم کیے جائیں اوراس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے ،محرم الحرام کے سلسلے میں اقدامات کی رپورٹ پاور ڈویژن کو بھیجی جائے۔