بادل برسنے کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا،کراچی میں بھی بارشوں کی پیشگوئی

Jun 22, 2025 | 09:43:AM
بادل برسنے کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا،کراچی میں بھی بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ارشاد قریشی)ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے موسمی سسٹم کے شدت اختیار کرنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پوٹھوہار ریجن  اٹک، جہلم، چکوال، راولپنڈی اور مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبراور میرپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بالائی خیبرپختونخوامیں مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی اور مردان میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے جبکہ مری اور گلیات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کاامکان ظاہرکیاگیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، نارووال اور سیالکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،اس کے علاوہ شدید بارش کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

 لاہور میں بادل برسنے کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا،بارش سے شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے ہیں،لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، فیروزپور روڈ، کلمہ چوک، کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، انارکلی، اسلام پورہ، گلشن راوی اور سبزہ زار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک پہنچ گیا ہے، ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کاایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ، فردو، نطنز اوراصفہان میں میزائل برسا دیئے

محکمہ موسمیات نے 27 جون سے کراچی میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے،کراچی میں بادلوں کے ڈیرے اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے، جس کے باعث شہر میں موسم خوشگوار ہوگیاہے،شہری چھٹی کے روزموسم انجوائے کرنے ساحل سمندرپر پہنچ گئے ہیں،محکمہ موسمیات نے آج بھی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 جون سے کراچی میں بارشوں کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،آج درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اے کیوآئی کے مطابق کراچی شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قراردیاگیاہے اورہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 85 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی جارہی ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ کشمیر، مری، گلیات، مانسہرہ میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے،اس کے علاوہ متوقع شدید بارشوں کی وجہ سے بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،عوام اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ الرٹ رہیں،کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔