ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو بہتر بنا رہے ہیں:وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو موثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات لیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کہا کہ سیف سٹی منصوبے اس بڑھتی ہوئی استعداد کی بہترین مثال ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں عالمی معیار کے مطابق سیف سٹی منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں، چین ہمارا دوست ملک ہے، چین کے ساتھ بھائی چارے پر مبنی ہمارے تاریخی تعلقات ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کا انتہائی اہم مشترکہ منصوبہ ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین بزنس ٹو بزنس طرز پر معاملات طے کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کی ترقی کے تناظر میں پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ مزید اہمیت کا حامل ہو چکا ہے، ہم ملک میں چینی برادری کے لیے ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول تعمیر کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں چینی کمپنیوں کا اعتماد ہمارے معاشی مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے، پورے ملک میں ہوائی اڈوں پر چینی باشندوں کی آمد و رفت سہولت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات لیے جائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو پورے ملک میں چینی باشندوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پورے ملک میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈار کی آسٹروی چانسلر کے خصوصی ایلچی سے ملاقات