مری اور گردونواح میں برفباری جاری، سردی کی شدت بڑھ گئی

Jan 22, 2026 | 21:13:PM
مری اور گردونواح میں برفباری جاری، سردی کی شدت بڑھ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  مری شہر اور تمام نواحی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ایبٹ آباد، نتھیا گلی، جھیکا گلی اور گھوڑا گلی کے علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

مری کےمال روڈ پر  آج رات سیاحوں کی بڑی تعداد نکل آئی اور سیاح برفباری کا لطف اٹھانے لگے۔
مری کے ہوٹلوں اور کیفیز پر رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مزید برفباری متوقع ہے۔  اگلے 24 سے 30 گھنٹوں میں اچھی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ موسم سرد، درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان بتایا گیا ہے۔
مری میں انتظامیہ الرٹ اور  سیاحوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

 ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے برفباری کے دوران سیاحوں کی حفاظت کے لیے 10 نکاتی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔

مری پولیس، ریسکیو اور دیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں تاکہ سیاحوں اورمقامی افراد کو محفوظ بنایا جا سکے۔

ڈی پی او نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید برفباری اور برفانی طوفان کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طورپررات کے وقت اپنی حفاظت کے لیے کسی بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور میں بارش موسم سرد ہو گیا،محکمہ موسمیات کی مزید بارش کی پیشگوئی

تمام چیک پوسٹوں پر تعینات ٹریفک پولیس کے عملے کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا لازمی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے یا مشکلات سے بچا جا سکے۔

ایڈوائزری میں سیاحوں کو بتایا گیا کہ گاڑیوں میں ضروری سامان، جیسے کمبل، گرم کپڑے اور کھانے پینے کا انتظام رکھیں، اور سڑکوں پر آنے والے ہنگامی حالات کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برفباری کے دوران سیاحوں اور مقامی افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ہدایات پر عمل کرنے سے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔