الیکشن میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا صفایا کرکے ہی دم لوں گا، پرویز خٹک

Jan 22, 2024 | 21:57:PM
الیکشن میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا صفایا کرکے ہی دم لوں گا، پرویز خٹک
کیپشن: پرویز خٹک (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف  پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا صفایا کرکے ہی دم لوں گا، خیبر پختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ میں ہی بنوں گا۔ 

نوشہرہ میں انتخابی  جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور پی ٹی آئی پارلیمینٹیرین کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام اب عمران، نواز، زرداری اور مولانا کے دلفریب نعروں سے باخبر ہوچکے ہیں، ان کے سبز باغات دکھانے کی حقیقت قوم جان گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مداری کی طرح ڈگڈی کا کھیل تماشہ دکھا کر اپنا الو سیدھا کرنے میدان میں آتے ہیں اور جب یہ قوم کے ووٹوں سے اقتدار حاصل کرلیتے ہیں تو ان کے تیور ہی بدل جاتے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اگر قائم تھی تو وہ میری وجہ سے تھی، جب میں نے راہیں جدا کیں تو نہ عمران رہا، نہ ان کی  حکومت، ان کی سوچ یورپ اور امریکہ کی سوچ تھی، وہ صوبے کے غریب عوام کے مسائل سے بے خبر تھے۔

یہ بھی پڑھیے: عام انتخابات 2024ء، وہ سب کچھ جو آپ جاننا چاہتے ہیں

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ قوم نے اس بار فیصلہ کر لیا ہے کہ صوبے میں صرف پگڑی کے نشان پر مہر لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے خیبرپختونخوا کو ترقی کے سفر پر گامزن کریں گے۔

مذہبی تنظیموں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  اسلام کے نام پر ووٹ مانگنے والے ہمیشہ اسمبلیوں میں پہنچ کر غریب عوام کو بھول گئے، انہوں نے منتخب ہو کر صرف اور صرف لوٹ مار کی۔

سربراہ جے یو آئی ( ف ) کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی؟ یہ اسی لوٹ مار کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں 70 سے زائد امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ 25 سے 30 آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہے۔