فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کی مناسبت سے آگاہی سیمینار 

ہیپاٹائٹس جگر کے کینسر اور جگر کی خرابی کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے،پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل

Aug 22, 2025 | 15:52:PM
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کی مناسبت سے آگاہی سیمینار 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی/ سر گنگا رام ہسپتال میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے 2025 کی مناسبت سے آگاہی سیمینار کا انعقادکیاگیا۔
شعبہ میڈیسن کے زیر اہتمام فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی/سر گنگا رام ہسپتال میں ایس او ایس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پروفیسر بلقیس شبّیر کی سربراہی میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے 2025 کی مناسبت سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس او ایس فاؤنڈیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی،سینٹر آف ایکسیلنس اِن مولیکیولر بائیولوجی یونیورسٹی آف پنجاب سے پروفیسر عذرا محمود نے بطور گیسٹ سپیکر شرکت کی۔
اس سال کا تھیم ہے’’ہیپاٹائٹس: آئیے ختم کریں‘‘ ، سیمینار کا بنیادی مقصد احتیاطی تدابیر، جلد تشخیص اور بروقت علاج  کے بارے میں مکمل آگاہی دینا ہے۔
 استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے ڈاکٹر شائستہ سہیل کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ملک کی ٹاپ 3 میڈیکل یونیورسیٹیوں میں شامل ہے اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں سرفہرست ہے، لوگوں میں سب سے بہتر وہ ہے جو لوگوں کو فائدہ پہنچائے، ہیپاٹائٹس ایک موذی مرض ہے جس کی بروقت تشخیص و علاج انتہائی اہمیت کی حامل ہے، ہر سال ہیپاٹائٹس کا عالمی دن اس مقصد کے تحت منایا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں اس جان لیوا بیماری کے پھیلاؤ‘ بچاؤ اور علاج کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے،ہیپاٹائٹس جگر کے کینسر اور جگر کی خرابی کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔
ڈاکٹر شائستہ سہیل نے احتیاطی تدابیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پرہیز علاج سے بہتر ہے اور ایس او ایس فاؤنڈیشن مختلف علاقوں میں مؤثر طریقے سے خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے آلودہ خوراک اور پانی کے استعمال سے پرہیز کریں ،شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہےجس میں ہمیں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔

یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس کے امتحانی نتائج کا اعلان، 2.77 فیصد امیدوار کامیاب
 پروفیسر عذرا محمود نے ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر تفصیلی لیکچر دیا، ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس جگر کی ایک سوزش جو اکثر وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کرتی ہے، اگر اس کی تشخیص اور علاج نہ کیا جائے تو جان لیوا نتائج کا سامنا ہو سکتا ہے،انہوں نے ہیپاٹائٹس کی علامات ، اس  کے پھیلاؤ، روک تھام اور علاج کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔
 اس موقع پر پرنسپل پروفیسر عبدالحمید، ڈینز ،کنسلٹنٹ ڈاکٹر ایوب نائچ، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے گیسٹ آف آنر ڈاکٹر شائستہ سہیل اور پروفیسر عذرا محمود کو اعزازی شیلڈزپیش کیں۔