سوسائٹی آف سرجنز کےنومنتخب عہدیداروں کی پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج سے ملاقات
نومنتخب قیادت میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے اصولوں کو ہر صورت مقدم رکھے،پروفیسرفاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرفاروق افضل سے سوسائٹی آف سرجنز کے نومنتخب عہدیداروں نے ملاقات کی جس میں تعلیم و تربیت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
اس موقع پرپروفیسر فاروق افضل نے کہاکہ نومنتخب قیادت میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے اصولوں کو ہر صورت مقدم رکھے،سرجنز برادری کی جانب سے ریفارمز پینل پر اعتماد خوش آئند ہے،انہوں نے امید ظاہر کی کہ سوسائٹی آف سرجنز کے نومنتخب صدر پروفیسر فاروق احمد رانا اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احمد نعیم اختر کی قیادت میں تمام عہدیداران ہیلتھ پروفیشنلز کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
پروفیسر فاروق افضل نے مزیدکہا کہ بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کرنا ہی کسی بھی ادارے کی ساکھ کو مضبوط بناتا ہے،نومنتخب قیادت سے توقع ہے کہ وہ نوجوان سرجنز کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی اور ان کو درپیش پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے گی،ایسوسی ایشن کا پلیٹ فارم نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے جس کے لیے ایک مربوط اور جامع حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
پروفیسر فارو ق افضل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیکل شعبے میں پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنے، جدید طبی تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی پروگرامز کے انعقاد اور تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے سوسائٹی آف سرجنز کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا،انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نومنتخب ٹیم اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت سے سرانجام دیتے ہوئے ملک میں سرجری کے شعبے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہورمیں ایک اور مریض میں منکی پاکس کی تصدیق
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر اویس امجد ملک، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عامر جمیل، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر حافظ محمود، پبلیکیشن سیکرٹری ڈاکٹر زبیر احمد خان,پروفیسرڈاکٹرمحمدحنیف میاں سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے،سوسائٹی آف سرجنز کے عہدیداران نے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کو یقین دلایا کہ وہ ان کی رہنمائی میں مثبت اور انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔