ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں رکھے گئے لوگوں کیلئے خوشخبری

 رولز میں ترمیم ۔ عدم ثبوت پر 120 دن میں نام خارج ہوگا۔ساڑھے 3 ہزار لوگوں کو فائدہ ہو گا۔وفاقی وزیر دخلہ

Apr 22, 2022 | 21:04:PM
رانا ثنا۔ای سی ایل۔پریس کانفرنس۔مراسلہ۔ثبوت
کیپشن:  وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)کے رولز میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت عدم ثبوت پر 120 دن میں نام خارج ہوگا،ساڑھے 3 ہزار لوگ براہ راست مستفید ہوں گے،دہشتگردی میں ملوث، قومی سلامتی کو جن سے خطرہ ہو یا جن افراد کے نام ہائی کورٹ، سپریم کورٹ یا کسی بھی عدالت کی وجہ سے ای سی ایل میں ہوں گے یا ایسے افراد جن کو عوام سے دھوکا دہی کا الزام ہوگا، ان لوگوں کو اس سے فائدہ نہیں ملے گا،سیاسی اختلاف اپنی جگہ ،میرٹ پر قوانین بنائے ہیں ، کسی کو بھی حق سے محروم نہیں رکھیں گے، امریکا سے سفیر کا بھیجا گیا مراسلہ پڑھا اور دیکھا ہے اس میں کسی کا نام نہیں۔
جمعہ کویہاں وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اپنے پیش رو کی طرح ایک پریس کانفرنس گھر سے دفتر آتے ہوئے اور ایک پریس کانفرنس دفتر سے گھر جاتے ہوئے شاید نہ کرسکوں تاہم جیسے ہی کوئی ایسا معاملہ یا فیصلہ ہوا کرے گا تو ہفتے میں ایک دفعہ یا دو سے تین دفعہ بھی ضرورت پڑے تو اس حوالے سے زحمت دیتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کی تعداد 21 یا 22 ہے، بریفنگ لی ہے، جہاں بہت سے ایسے شعبے ہیں، جس کو نظرانداز کیا گیا ہے اور ان شعبوں پر شاید دھیان جاتا ہی نہیں ہے تاہم ان شعبوں میں ایسے اقدامات کرسکتے ہیں جس سے عوام کو بڑے پیمانے پر ریلیف مل سکتا ہے اور لوگوں کی فلاح ہوسکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے وہاں موجود صحافیوں سے اس حوالے سے تجاویز بھی مانگیں اور کہا ہے کہ آپ کی رہنمائی بروئے کار لاتے ہوئے وزارت میں عوامی فلاح کے حوالے سے بھرپور طریقے سے کام کرنے کی کوشش کی جائے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا اس سے آگا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے حوالے سے پچھلے ساڑھے تین چار سال میں ایسا مسئلہ بن گیا تھا کہ مخالفین کے لئے ایک تو نیب تھی تاکہ ڈرایا جائے اور پھر اس کو ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ ڈر کر حکومت کی فرمائش پر عمل کرنا شروع کردے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ سب سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے اس پر توجہ دی کیونکہ ہم خود اس کا شکار ہیں اور ہمیں احساس ہے کہ نیب کے نوٹس سے لوگوں پر کیا گزرتی ہے اور جب کسی کو بلاوجہ ای سی ایل میں ڈالتے ہیں تو اس کے کیا نتائج ہوتے ہیں۔رانا ثنااللہ خان نے کہاکہ اس حوالے سے کابینہ کے پہلے اجلاس میں وزارتی کمیٹی بنائی گئی تھی جو ایاز صادق، اعظم نذیر تارڈ، نوید قمر اور اسعد محمود پر مشتمل گئی تھی۔کمیٹی نے رولز میں ترمیم کی اور کابینہ نے اس کی منظوری دی اور ان رولز پر عمل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بندہ جس کو حکومت نے ای سی ایل میں ڈالا ہو اور ثبوت نہیں کر آئے اور اس کو 120 دن سے زیادہ ہوگئے تو وہ تمام لوگ ای سی ایل سے نکل جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ای سی ایل میں 4 ہزار 863 لوگ ہیں، ان میں سے 3 ہزار لوگوں کو اس ایک قدم سے فائدہ ہوگا اور وہ خود بخود فہرست سے باہر ہوجائیں گے کیونکہ اب یہ قانون بن گیا ہے۔وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت جس آدمی کو ای سی ایل میں ڈالتی ہے اور اگر 120 دنوں میں اس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں کر لے آتی اور اس کو سننے کا موقع نہیں دیتی ہے تو وہ خود بخود 120 دن کے بعد ای سی ایل سے باہر ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے تو اس کے خلاف ثبوت لے کر آئے گی اور اس کے لئے یہ لازمی ہوگا کہ ای سی ایل کمیٹی اس کو سنے اور اس کے بعد 90 دن کے لئے مزید رکھ سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاسپورٹ سے متعلق ایک بلیک لسٹ ہے، پی این آئی ایل ہے اور اس کے تحت تقریبا 30 ہزار لوگ ہیں، سالہا سال سے لوگوں کو وہاں ڈالا ہوا ہے، ان کا جائزہ نہیں کرتا اور کوئی پوچھتا نہیں ہے اور ان لوگوں میں اتنی سکت نہیں ہے تو وہ مسلسل اس میں مبتلا ہیں، اس لئے اس کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ یہ تعداد بہت زیادہ ہے تو اس لیے آنے والے دنوں اور ہفتوں یا 30 روز کے اندر پوری طرح کام کریں گے، ان میں وہ لوگ بھی ہیں جو ڈی پورٹ ہوتے ہیں اور اس کے بعد ان کو ای سی ایل میں ڈالا جاتا ہے اور پھر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ اس رولز میں ایسی کوئی چیز شامل نہیں ہے، جس سے ہمیں فائدہ ملے اور ہمارے مخالفین کو سزا ملے، قواعد میرٹ کے اوپر بنائے گئے کہ کسی ایک فریق کو فائدہ اور دوسرے کو نقصان نہ ہو، جس کا جو حق ہے وہ ملے گا ۔
یہ بھی پڑھیں۔آب زم زم لانے والے ہو شیار۔۔مکہ مکرمہ میں نقلی آب زم زم فروخت ہونے لگا