وزیر اعلیٰ پنجاب نے کچرا ٹھکانے لگانے کیلئے جدید منصوبہ پیش کر دیا
30 ستمبر تمام سکولوں میں رنگوں والے کوڑے دان لگانے کی ڈیڈ لائن مقرر،باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے پنجاب میں کچرا جمع کرنے کے لئے مختلف رنگوں کے کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ سرکاری ونجی درس گاہوں میں 5رنگوں کے کوڑے دان رکھے جائیں جس کے لئے 30 ستمبر تک کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی ہے۔
پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کے اس جدید منصوبے میںتمام سرکاری ونجی درس گاہوں میں 5رنگوں کے کوڑے دان رکھے جائیں گے،سینئر وزیر موحولیات اینڈ کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی۔
صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندراوروزیر لوکل گورنمنٹ زیشان ملک کو ٹارگٹس سونپ دئیے گئے ہیں،اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگااور رنگدار کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے،الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا کوڑاکرکٹ جمع کیاجائے گا، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی،سبز رنگ کے ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے اور لیبارٹری میں استعمال ہونےو الا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا،سُرمئی (گرے) رنگ میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی،لال رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لئے استعمال ہوں گے جبکہ نارنجی (اورنج) ڈبے پلاسٹک ویسٹ کے لئے استعمال کئے جائیں گے،ان اشیاءکو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لئے استعمال کیاجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:فرانسیسی خاتون اوّل مرد ہیں یا عورت؟شواہد امریکی عدالت میں پیش ہوں گے
اس جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے،پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139)پر تعلیمی ادارے کچرا اٹھانے کے لئے رابطہ بھی کرسکتے ہیں،لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگدار کوڑے دانوں کے انتظام میں اپنا کردار ادا کرے گا،ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) تعلیمی اداروں میں اس طریقہ کار کے نفاذ کو یقینی بنائے گا، ای پی اے ٹیم درس گاہوں کا معائنہ بھی کرے گی اورمعیار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیاجائے گا۔