بھارتی کرکٹ بورڈ کا نیا صدر کون ہوگا؟ ممکنہ امیدوار کا نام سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی صدارت کے لیے جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے پہلے کرکٹر اور سابق آئی پی ایل پلیئر متھن منہاس مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کی حالیہ میٹنگ میں منہاس کا نام اس عہدے کے لیے سرفہرست رہا۔ اس وقت وہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
منہاس اس سے قبل دلیپ ٹرافی کے لیے نارتھ زون کے کنوینر رہ چکے ہیں جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز گجرات ٹائٹنز کے ساتھ بطور سپورٹ اسٹاف بھی منسلک رہے۔ اگرچہ انہیں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہ ملا لیکن فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ نمایاں کھلاڑی رہے ہیں۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے 157 میچوں میں 9,714 رنز اسکور کیے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق بھارتی کرکٹرزکی اپنی ٹیم کے رویے پر تنقید
علاوہ ازیں وہ آئی پی ایل میں دہلی ڈیرڈیولز، پونے واریئرز اور چنئی سپر کنگز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق راجر بِنّی کے عہدہ چھوڑنے کے بعد متھن منہاس صدر کے عہدے کے لیے پسندیدہ امیدوار ہیں۔ اس کے علاوہ کرناٹک کے تجربہ کار بھٹ خزانچی کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ چھتیس گڑھ کرکٹ سنگھ کے پرابھتیج سنگھ بھاٹیا کو جوائنٹ سیکریٹری بنانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے آئندہ اجلاس میں نئی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ اس دوران سلیکشن کمیٹی میں بھی بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
بھارتی ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی 28 ستمبر سے عہدہ سنبھالے گی اور وہی دو اکتوبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا انتخاب کرے گی۔