’’دَبنگ 4 ‘‘کی تیاری، سلمان خان اور ابھینو کیشپ آمنے سامنے، الزامات کی بوچھاڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب رپورٹ) بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے اداکار سلمان خان دَبنگ 4 خود ڈائریکٹ کر سکتے ہیں جبکہ دبنگ سیریز کی پہلی فلم کے ڈائریکٹر ابھینوکیشپ مسلسل خان خاندان پر الزامات لگا رہے ہیں لگا رہے ہیں۔ بھارت کے مشہور ٹی وی شو ’’بگ باس‘‘ 19 میں سلمان خان نے تمام دعوؤں کو رد کرتے ہوئے کیشپ کو اپنے کیریئر پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔سلمان خان پر ابھینو کیشپ کی مسلسل تنقید کے بعد نئی بحث چھڑ گئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اداکار سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی جانب سے حال ہی میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ دَبنگ 4 پر کام جاری ہے۔ اب نئی رپورٹوں کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بار فلم کو خود سلمان خان ڈائریکٹ کر سکتے ہیں۔ ایک ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان چوتھے حصے کے لیے ہدایتکار کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ اگرچہ اس بارے میں کسی قسم کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی، تاہم رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ اگلے سال شروع ہونے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ دَبنگ سیریز کی پہلی فلم (2010) ابھینو کیشپ نے ڈائریکٹ کی تھی، جبکہ دوسری فلم ار باز خان اور تیسری فلم پربھو دیوا نے بنائی۔پہلی فلم کے بعد ابھینو کیشپ اور خان فیملی کے درمیان کئی بار تنازعات سامنے آئے، جو وقت کے ساتھ گہرے ہوتے گئے۔ اب جب دَبنگ 4 کی تیاریاں سامنے آئی ہیں، ابھینو کیشپ کے تازہ بیانات نے ایک بار پھر بحث کو ہوا دے دی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ گزشتہ کچھ عرصے سے ابھینو کیشپ، سلمان خان اور ان کے خاندان پر کئی الزامات لگاتے رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں کیشپ نے سلمان خان کو ’’ان سکیور‘‘ کہا اور دعویٰ کیا کہ 2010 کی فلم دَبنگ میں سلمان نے اپنے بھائی ار باز خان کا کردار کم کروا دیا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھائیوں کے درمیان شوٹنگ کے دوران شدید جھگڑا بھی ہوا اور سلمان ’’ار باز کو پسند نہیں کرتے‘‘۔’’سلمان رات 1:30 بجے میرے کمرے میں آتے تھے۔ انہوں نے دیکھا کہ فلم میں ار باز کا ایک لمبا چیِز سیکوئنس ہے، تو انہوں نے اسے مکمل طور پر ہٹا دیا۔ انہیں ان سکیورٹی تھی۔ وہ خود زیادہ نظر آنا چاہتے تھے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ’’یہ دونوں بھائی ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں۔ ار باز شاید سلمان سے نجی طور پر اس بارے میں بات کرتا ہوگا، لیکن میرے سامنے انہوں نے لڑائی نہیں کی‘‘۔
اداکار سلمان خان نے ’’بگ باس 19‘‘ کی ایک حالیہ ایپی سوڈ میں ابھینو کیشپ کے الزامات پر پہلی بار بات کرتے ہوئے کہا کہ’’ایک دَبنگ انسان ہے۔ میرے ساتھ انہوں نے عامر کو بھی گھسیٹ لیا۔ پچھلے ویک اینڈ میں میں نے کہا تھا کہ ’کام کرو یار، کسی کو دلچسپی نہیں۔‘ آج پھر پوچھنا چاہتا ہوں، ’کام ملا کیا بھائی؟‘ اگر آپ سب کی برائی کریں گے تو آپ کے ساتھ کون کام کرے گا؟ جن کے نام آپ لے رہے ہو وہ تو کبھی نہیں کریں گے، اور ان کے ساتھ جڑے لوگ بھی نہیں کریں گے‘‘۔سلمان خان نے مزید کہا کہ انہیں دکھ صرف اس بات کا ہے کہ ابھینو کیشپ نے خود کو ہی برباد کر لیا ہے ۔’’مجھے برا اس لیے لگتا ہے کہ آپ نے خود کو تباہ کر لیا۔ اگر کسی کے خاندان کو نشانہ بنانا ہے تو پہلے اپنا خاندان دیکھ لو۔ بھائی کو پیار کرو، ماں باپ کا خیال رکھو، اپنی بیوی اور بچوں کا خیال کرو۔ آپ ٹیلنٹڈ ہو، اچھا لکھتے ہو۔ یہ گلی مت پکڑو، واپس ہائی وے پر آ جاؤ‘‘۔
واضح رہےکہ فلم ’’دَبنگ‘‘ بھارتی سینما کی کامیاب ترین ایکشن اور کامیڈی فرنچائزز میں سے ایک ہے، جس میں سلمان خان کا کردار ’’چُلبل پانڈے‘‘ انتہائی مقبول ہوا۔پہلی دفعہ فلم دَبنگ 2010 میں سنیمائوں کی زینت بنی جس کے ڈائریکٹر ابھینو کیشپ تھے ،فلم ’’دَبنگ 2’’2012 میں بنی جس کے ڈائریکٹر ار باز خان تھے اور فلم ’’دَبنگ 3‘‘ 2019 میں بنائی گئی جس کے ڈائریکٹر پربھو دیوا تھے۔
یہ بھی پڑھیں:نامور اداکارہ آفرین خان کی طبیعت ناساز ، ہسپتال داخل