سفارتی کشیدگی میں اضافہ:اطالوی وزیرِ خارجہ کا ٹرمپ کے بیان پر امریکا کا دورہ منسوخ

Jun 21, 2026 | 08:23:AM
 سفارتی کشیدگی میں اضافہ:اطالوی وزیرِ خارجہ کا ٹرمپ کے بیان پر امریکا کا دورہ منسوخ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی سے متعلق متنازع ریمارکس کے بعد اٹلی اور امریکا کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اطالوی وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے امریکا کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے، جہاں ان کی ملاقات امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ہونی تھی، یہ فیصلہ ٹرمپ کے ان بیانات کے ردعمل میں کیا گیا ہے جنہیں اطالوی حکام نے ’توہین آمیز‘ قرار دیا ہے۔

تنازع اس وقت شروع ہوا جب ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی نے جی 7 اجلاس کے دوران ان سے تصویر لینے کی درخواست کی اور وہ ان پر ترس کھا کر راضی ہوئے، ان بیانات کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ میلونی نے ان سے ملاقات اور تصویر کے لیے اصرار کیا۔

اطالوی وزیر اعظم میلونی نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں بالکل من گھڑت ہیں اور انہوں نے اس پر فوری وضاحت کی ضرورت محسوس کی۔

انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ حیران ہیں کہ امریکی صدر اپنے اتحادی ملک کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال کر رہے ہیں، ان کے مطابق اٹلی نے کبھی کسی سے بھیک نہیں مانگی اور یہ تاثر مکمل طور پر غلط ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیاست میں ہلچل: برطانوی وزیراعظم کے پیر کو مستعفی ہونے کا امکان

سفارتی ذرائع کے مطابق اطالوی وزیرِ خارجہ کا دورہ امریکا نہ صرف دوطرفہ ملاقات بلکہ ’اٹلی امریکا بزنس، انویسٹمنٹ، سائنس اینڈ انوویشن فورم‘ میں شرکت کے لیے بھی تھا، جو بعد ازاں منسوخ کر دیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، اسٹریٹجک سیکیورٹی اور اہم معدنی وسائل سے متعلق امور پر بات چیت ہونا تھی۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ جی 7 اجلاس کے بعد امریکا اور یورپی اتحادیوں کے تعلقات میں بہتری کے اشارے مل رہے تھے، تاہم اس واقعے نے ایک بار پھر ان تعلقات میں دراڑیں واضح کر دی ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ اور میلونی کے درمیان پہلے بھی اختلافات سامنے آتے رہے ہیں، اگرچہ دونوں رہنما بعض پالیسی امور جیسے امیگریشن اور قومی خودمختاری پر ایک دوسرے کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔

یہ تازہ سفارتی تنازع نہ صرف امریکا اور اٹلی کے تعلقات پر اثر انداز ہو سکتا ہے بلکہ یورپی اتحادیوں کے ساتھ واشنگٹن کے مجموعی تعلقات میں بھی نئی پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔