فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ 2025 میں نمایاں مقام حاصل کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن امپیکٹ رینکنگ میں اعلیٰ درجے کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں تسلیم کیے جانے ، طبی تعلیم اورصحت کی دیکھ بھال میں بہترین کارکردگی کی بنا پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر لیا۔اس کامیابی سے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے عالمی سطح کی ٹاپ 200یونیورسٹیوں میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے تحت صنفی مساوات (Gender Equality)کے زمرے میں سرفہرست ہونے کا اعزاز حاصل کیاہے۔ یہ شاندار کامیابی خواتین کو بااختیار بنانے، شمولیت کو فروغ دینے اور طب کے شعبے میں مساوی مواقع کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی کی ثابت قدمی کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ کامیابی وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کی دور اندیش قیادت ، پروفیسر بلقیس شبیر، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور ان کی ٹیم کی سرشار کاوشوں اور تمام پرعزم فیکلٹی ممبران، ہونہار طالبات اور معاون عملے کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس کے ساتھ ساتھ، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی طبی تعلیم، تحقیق اور کمیونٹی سروس کو آگے بڑھا کر مادرِ ملت فاطمہ جناح کی وراثت کا احترام کرتی رہے گی۔یہ کامیابیاں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے عالمی تعلیمی تعاون، جدت پسندی، پائیدار ترقی اور معیاری تربیت فروغ میں مزید توثیق کرتی ہےاور تعلیم کے اعلیٰ معیار کو یقینی بناتی ہے۔رائل کالجز یو کے کے صدور پروفیسر سارہ کلارک اور پروفیسر اینڈریو ایلڈر نے دورہ کے موقع پر فاطمہ جنا میڈیکل یونیورسٹی کو شعبہ طبی تعلیم کا اعلی ادارہ قرار دیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کا کہنا تھا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پاکستان کی واحد پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹی ہے جہاں اوبسٹیٹریکس اینڈ گائناکالوجی کی چارسب اسپیشیلٹیز (فیٹل میٹرنل میڈیسن، ریپروڈکٹیو اینڈوکرائنولوجی، یوروگائناکالوجی، اور گائناکولوجیکل آنکولوجی) کی منظوری کے بعد انڈکشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ لیول 4 پروگرامز میں سمیت متعدد اسپیشیلٹیز جن میں کریٹیکل کیئر میڈیسن (Critical Care Medicine)، نیونیٹل پیڈیٹرکس(Neonatal Pediatrics)، گیسٹروانٹرالوجی(Gastroenterology)، کمیونیٹی اینڈ پریونٹیو پیڈیٹرکس(Community and Preventive Pediatrics)، ایمرجنسی میڈیسن (Emergency Medicine)، اینڈوکرائنولوجی(Endocrinology) اور ریوماٹالوجی(Rheumatology) کی منظوری کے بعد آغاز ہو چکا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے یہ اعلان کیا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ نے میڈیکل ایجوکیشن میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سمیت اناٹومی اور کمیونیٹی میڈیسن کے پی ایچ ڈی پروگراموں کی منظوری دے دی ہے اور یہ پروگرامز امسال شروع کر دیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے میڈیکل ایجوکیشن ڈیپاٹمنٹ ، ریسرچ ڈیپاٹمنٹ اور بزنس انکیوبیشن سنٹر سمیت تمام شعبہ جات شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ترک صدر سے او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ملاقات