عیدالفطر کے روز بھی بارش؛محکمہ موسمیات نےبڑی خوشخبری سنادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ثمرہ فاطمہ،احسن عباسی)محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے روز بھی مختلف علاقوں میں بارش کی نوید سنادی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق بارش برسانے والا ہواؤں کا سلسلہ بدستور ملک میں موجود ہے، کل عید کے دن ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، کل راولپنڈی اسلام آباد میں بادل چھائے رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان، جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے،جنوبی خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، کچھ مقامات پر مکمل بادل چھائے رہنے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور شمالی علاقہ جات میں برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
لاہور میں آج بھی افق پر بادلوں کا راج ہے ،سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے ،ٹھندی ہوائیں چلنے سے خنکی برقراراوردرجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 اور کم سے کم 13 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
ہوامیں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈکیاگیاہے اورپانچ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اورآئندہ چند روز تک مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
شہر قائد میں بارش کا حالیہ اسپیل اختتام پذیر ہوگیااور محکمہ موسمیات کے مطابق 21سے 23مارچ کے دوران بارش کا ایک اور اسپیل آنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف پی ڈی ایم اے سندھ نے بارشوں سے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق کراچی میں مختلف حادثات کے دوران 20 افراد جاں بحق اور31 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شا ہ کے مطابق کیماڑی میں 13، ملیر میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کراچی ایسٹ، کراچی ویسٹ اور کراچی ساؤتھ میں بھی ایک،ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عید پر ریلوے افسران کی چھٹیاں منسوخ،نوٹیفکیشن جاری
ملیر میں 6 اور کورنگی میں 3افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق صوبے بھر میں 79 گھروں کوبھی بارشوں سے نقصان پہنچاہے۔