تیاری کر لیں!محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، چترال، سوات، دیر، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
لاہور شہر میں سردی کی شدت برقرار ہے، صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
دنیا کے فضائی آلودگی کے اعتبار سے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر ہے، شہر میں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 565 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر ٹرمپ کی پاکستان کو غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کی دعوت، وزیر دفاع نے آفر کو سنہری موقع قرار دیدیا
ملک میں داخل ہونے والے مغربی سسٹم کے تحت چترال بھر میں گزشتہ رات سے بارش اور بالائی مقامات میں برفباری ہوئی۔
لواری ٹنل روڈ کے دونوں طرف، کالاش ویلیز، مڈک لشٹ، گرم چشمہ، اپر چترال تورکھو، موڑکھو، مستوج اور یارخون میں بھی برفباری ہوئی۔ لواری ٹنل روڈ پر برفباری کے باوجود آمدورفت جاری ہے۔
چترال اپر اور لوئر میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا جبکہ چترال میں جلانے کی لکڑی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ بھی ہوگیا۔
دوسری جانب سوات کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ رک گیا اور سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں بارش اور ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی اور غیر مقامی سیاحوں نے برف پوش علاقوں کا رخ کر لیا، حالیہ برفباری کے بعد سڑکوں پر شدید پھسلن ہے، انتظامیہ اور سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بغیر سنو چین گاڑیوں کو آگے جانے سے روک دیا۔
ترجمان سعید الرحمان کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سیاحوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔