بھائی، بھابی اور بھتیجے کا جنازہ پڑھاتے ہوئے امام بیہوش

Feb 20, 2026 | 14:40:PM
بھائی، بھابی اور بھتیجے کا جنازہ پڑھاتے ہوئے امام بیہوش
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ترکیہ میں ایک مقامی پیش امام اس وقت بے ہوش ہوگئے جب وہ اپنے بھائی، بھابھی اور کم سن بھتیجے کی نماز جنازہ پڑھا رہے تھے۔

 ترکیہ کے صوبے نیوشہر کے ضلع آجی گول کے گاؤں کاراجااورین میں چولہے سے کاربن مونو آکسائیڈ گیس کے اخراج کے باعث 27 سالہ سیفر دوغان تکین، ان کی اہلیہ عظیمہ دوغان تکین اور ان کا آٹھ ماہ کا بیٹا مصطفیٰ افے جاں بحق ہوگئے،افسوسناک واقعے کے بعد تینوں کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا۔

واقعہ گزشتہ صبح اس وقت پیش آیا جب اہل خانہ عظیمہ اور سیفر دوغان تکین سے رابطہ نہ ہونے پر ان کے گھر پہنچے، دروازہ نہ کھلنے پر صورتحال کی اطلاع 112 ایمرجنسی کال سینٹر کو دی گئی، جس کے بعد جندرما اور طبی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

گھر میں داخل ہونے پر امدادی اہلکاروں نے میاں بیوی اور ان کے کمسن بیٹے کو فرش پر بے حس و حرکت پایا، طبی حکام نے تصدیق کی کہ تینوں کی موت چولہے سے خارج ہونے والی کاربن مونو آکسائیڈ گیس کے باعث ہوئی، لاشوں کو موت کی حتمی وجہ معلوم کرنے کے لیے مردہ خانے منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کور کمانڈر پشاور کی آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ کیساتھ خصوصی نشست

نماز جنازہ کے دوران ایک اور دلخراش منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب سیفر دوغان تکین کے بھائی اور مقامی امام فاتح دوغان تکین اپنے بھائی، بھابھی اور بھتیجے کی نماز جنازہ پڑھاتے ہوئے غم سے نڈھال ہو کر بے ہوش ہوگئے، وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاتح دوغان نے جیسے ہی سلام پھیرا وہ گر گئے۔

آٹھ ماہ کے مصطفیٰ افے کا جنازہ ان کے دادا اوغوز ساغلک نے اپنی بانہوں میں اٹھا کر قبرستان تک پہنچایا، گاؤں میں ہر آنکھ اشکبار تھی جب عظیمہ، سیفر اور ان کے معصوم بیٹے کو دعاؤں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔