انڈے کس نے برسائے؟ چاہت فتح علی خان ثبوتوں کے ساتھ سامنے آگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)معروف گلوکار چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ جن افراد نے انہیں ایونٹ کے لیے بک کیا تھا، وہی ان پر انڈے پھیکنے والے واقعے میں ملوث ہیں۔
چاہت فتح علی خان کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آ رہا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ انڈے پھینکنے کا واقعہ 19 جون کو رات ساڑھے8 بجے سے 10 بجے کے درمیان بلیک برن کے ایک ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔
گلوکار کے مطابق انہیں ایک ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب اور پرفارمنس کے لیے مدعو کیا گیا تھا، تاہم شو کے اختتام پر پیش آنے والے واقعے نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کیا۔
چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ شو ختم ہونے کے بعد ریسٹورنٹ انتظامیہ نے ان سے درخواست کی کہ وہ سٹاف کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں۔
اس دوران ایک سکیورٹی اہلکار ویڈیو بنا رہا تھا کہ دو افراد، جنہوں نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے، اچانک نمودار ہوئے اور ان پر انڈے پھینک دیے۔
ایک شخص نے ان کے سر پر ہاتھ بھی مارا، گلوکار کے مطابق اس واقعے کے بعد انہیں کئی روز تک سر میں شدید درد رہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے ریسٹورنٹ انتظامیہ سے ویڈیو فوٹیج کا مطالبہ کیا تاکہ وہ پولیس میں رپورٹ درج کرا سکیں، تو انکار کر دیا گیا اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ کوئی ویڈیو ریکارڈ نہیں کی گئی تاہم، تین ماہ بعد وہی ویڈیو ریسٹورنٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر دی گئی، جسے بعد میں ڈیلیٹ بھی کر دیا گیا۔
چاہت فتح علی خان نے اس حرکت کو سراسر زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے پاس واقعے کے ثبوت موجود ہیں، اور انہوں نے مقامی پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جسٹس طارق محمود جہانگیری اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ پہنچ گئے
گلوکار نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو عدالت میں لے کر جائیں گے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن افراد نے انہیں ایونٹ کے لیے بک کیا تھا، وہی اس واقعے میں ملوث ہیں، کیونکہ وائرل ہونے والی ویڈیو انہی کے سکیورٹی عملے کی جانب سے بنائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص تصویر بنوانے کے بہانے گلوکار کے قریب آتا ہے، اور اسی دوران دوسرا شخص دوڑتے ہوئے آ کر ان کے سر پر انڈہ پھینک دیتا ہے۔ کچھ لمحے بعد ایک اور نوجوان بھی پیچھے سے آ کر دوبارہ انڈہ مارتا ہے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور بحث کا باعث بن چکا ہے، جب کہ گلوکار کے مداحوں نے اس حرکت کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔