پیڈیاٹرک دمہ مینجمنٹ کے موضوع پر لاہور جنرل ہسپتال میں سیمینارکاانعقاد
بچوں میں دمہ سے متعلق آگاہی کیلئے ماہرینِ صحت، اساتذہ اور والدین کو کردار ادا کرنا ہوگا:پروفیسر فاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)لاہور جنرل ہسپتال میں پیڈیاٹرک دمہ مینجمنٹ کے موضوع پر سیمینارکاانعقادکیاگیاجس میں نوجوان ڈاکٹروں،نرسز،میڈیکل طلبہ اور دیگر طبی ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اس موقع پرکہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی صحت کا تحفظ والدین کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،بچوں میں دمہ ایک قابلِ کنٹرول بیماری ہے، مگر آگاہی کے فقدان کے باعث والدین ابتدائی علامات کو نظر انداز کر دیتے ہیں، جس سے مرض بگڑ جاتا ہے،ڈاکٹروں اور اساتذہ کو والدین کی رہنمائی کے لیے آگے آنا ہوگا تاکہ بچوں کا علاج بروقت ہو سکے اور وہ صحت مند زندگی گزار سکیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ جنرل ہسپتال میں بچوں کے دمہ کے علاج کے لیے جدید ترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو دھول، دھوئیں، آلودگی اور الرجی سے محفوظ رکھیں، ایسی تعلیمی اور علمی سرگرمیاں مریضوں کی نگہداشت کے معیار کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
ماہرین نے واضح کیا کہ دمہ لاعلاج نہیں بلکہ صحیح تشخیص، بروقت علاج، ادویات کی دستیابی اور inhalers کے درست استعمال کے ذریعے بچے بالکل معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں، نوجوان ڈاکٹروں کو جدید کلینیکل گائیڈ لائنز، حفاظتی تدابیر اور ایمرجنسی مینجمنٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ بروقت آگاہی بچوں میں دمے کی پیچیدگیوں اور ہسپتال میں داخلے کی ضرورت کو کم کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ سال مون سون میں 22 سے 26 فیصد زائد بارشوں کی پیشگوئی
سیمینار سے پروفیسر طارق بھٹی، پروفیسر محمد علی، پروفیسر اقبال بانو، ڈاکٹر عائشہ افتخار، ڈاکٹر حوریہ رحمان اور ڈاکٹر غزالہ روبی نے بھی خطاب کیا۔
سیمینار کے اختتام پر پروفیسر فاروق افضل نے پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر فریاد حسین اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور ماہرین و شرکاء میں تعریفی شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔