آزاد کشمیر کی 20 رکنی نئی کابینہ آج حلف اٹھائے گی

Nov 19, 2025 | 10:30:AM
آزاد کشمیر کی 20 رکنی نئی کابینہ آج حلف اٹھائے گی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر وڑائچ)آزاد جموں و کشمیر کی 20 رکنی نئی کابینہ آج ایوانِ صدر مظفرآباد میں حلف اٹھائے گی، نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور حلف برداری کی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی کابینہ میں وزیر قانون کے طور پر ذمہ داریاں نبھانے والے میاں عبدالوحید کو نئی کابینہ میں سینیئر وزیر کا منصب دیا جائے گا،نئی حکومت کی تشکیل کے لیے بنائی گئی کابینہ میں 18 وزرا اور 2 مشیر شامل ہوں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر وزرا سے حلف لیں گے، جب کہ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب نے بھی کابینہ کی تشکیل اور حلف برداری کی آج کی تاریخ کی تصدیق کر دی ہے۔

اس سے قبل مشاورتی مراحل مکمل نہ ہونے پر کابینہ کی حلف برداری گزشتہ روز مؤخر کر دی گئی تھی،ابتدائی تجویز میں صرف 10 وزرا شامل کرنے کا فیصلہ رکھا گیا تھا، لیکن یہ تجویز اسمبلی اراکین نے مسترد کر دی، جس کے بعد گزشتہ دو روز سے مسلسل مشاورت کا عمل جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں:مہمان کو شرمندہ نہ کرو،ٹرمپ  جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سوال پر خاتون صحافی پر برس پڑے

مشاورت کی قیادت پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور اور نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کر رہے تھے، وزرا کی فہرست اور محکموں پر اتفاق رائے کے بعد آج حلف برداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کابینہ کے ارکان کو محکمے الاٹ کریں گے۔