آزاد کشمیر کابینہ کے 8 وزراء کو قلمدان تفویض، نوٹیفکیشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سفیر رضا) آزاد جموں و کشمیر حکومت نے نئی کابینہ کے آٹھ وزراء کو باقاعدہ طور پر محکموں کے قلمدان تفویض کر دیئے ہیں، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد کابینہ ارکان کو مختلف اہم محکموں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سردار میر اکبر خان کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقی کے محکمے دیے گئے ہیں، کرنل (ر) وقار نور کو جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو صحت عامہ، چوہدری اظہر صادق کو ہائر ایجوکیشن، راجہ ثاقب مجید کو پاور، توانائی و آبی وسائل، راجہ ریاست خان کو مال بحالیات، انجینئر عمیر نعیم کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ و کمیونیکیشن، جبکہ عبدالرحمان آرائیں کو تجارت، صنعت، محنت و دیگر متعلقہ محکموں کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی نئی حکومت کی آٹھ رکنی کابینہ نے گزشتہ روز ایوانِ صدر مظفرآباد میں حلف اُٹھایا تھا، قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے وزراء سے حلف لیا، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی سمیت مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت، اراکین اسمبلی، اعلیٰ سرکاری افسران اور دیگر شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔
حلف اٹھانے والے وزراء میں سردار میر اکبر خان، کرنل (ر) وقار نور، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، چوہدری اظہر صادق، راجہ ثاقب مجید، راجہ ریاست، انجینئر عمیر نعیم اور عبدالرحمان آرائیں شامل ہیں، کابینہ کے قیام اور قلمدانوں کی تقسیم کے بعد نئی حکومت کے انتظامی امور باقاعدہ طور پر آگے بڑھنے کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔
وزراء کو اہم اور عوامی نوعیت کے محکمے سونپے جانے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت اپنے ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی ایجنڈے پر عملی پیش رفت کا آغاز کرے گی۔ یہ کابینہ وزیراعظم افتخار گیلانی کی حکومت کے پہلے مرحلے کی تشکیل ہے، جبکہ کابینہ میں مزید توسیع اور دیگر ارکان کو ذمہ داریاں دینے کا عمل آئندہ مرحلے میں متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں :نوکری رہے نہ رہے، اپنے کلام سے پیچھے نہیں ہٹوں گا: محسن نقوی