وفاقی حکومت کیجانب سے افسران کی اکھاڑ پچھاڑ،تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(باہر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت کی جانب سے افسران کی اکھاڑ پچھاڑ، متعدد سول و پولیس افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئےگئے۔
پنجاب حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے ندیم احمد ابڑو کا تبادلہ کر کے انہیں نیشنل سیکیورٹی ڈویژن میں جوائنٹ سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے جبکہ صنعت و پیداوار ڈویژن میں تعینات جوائنٹ سیکریٹری محمد خلیفہ کو تبدیل کر کے دفاع ڈویژن میں جوائنٹ سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سپیشل اکنامک زونز کی ڈائریکٹر جنرل فرح فاروق کو تبدیل کر کے صنعت و پیداوار ڈویژن میں جوائنٹ سیکریٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ داخلہ ڈویژن میں ڈپٹی سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دینے والے طارق سلام کو سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت جوائنٹ سیکریٹری داخلہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ڈپٹی سیکریٹری نجیب اکرم کا اقتصادی امور ڈویژن سے وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی تبادلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح سیکشن افسر غلام مرتضیٰ کو داخلہ ڈویژن سے تبدیل کر کے نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ تقرر کے منتظر محمود احمد بھٹی کو سیکشن افسر نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن مقرر کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے متعلق جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق پنجاب حکومت میں تعینات گریڈ 18 کے دو پولیس افسران، اویس علی خان اور ایاز حسین کا تبادلہ کر کے انہیں اسلام آباد پولیس میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تعینات گریڈ 17 کی افسر حفصہ بنت بلال کو تبدیل کر کے ان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شعیب مرزا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سپیشل اسسٹنٹ مقرر