گلگت بلتستان الیکشن: ٹکٹوں کی تقسیم پر نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حاشر وڑائچ)گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) میں ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل تیز ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف نے 20 اپریل کو مری میں پارلیمانی بورڈ کا پہلا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں گلگت بلتستان کے 24 حلقوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ان حلقوں کے لیے اب تک 150 کے قریب امیدواروں نے ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں، اجلاس میں تمام درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا،ممکنہ سیاسی اتحاد اور نئی شمولیتوں پر بھی اہم مشاورت متوقع ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قائم 23 رکنی پارلیمانی بورڈ کو ٹکٹوں کی حتمی منظوری کا مکمل اختیار حاصل ہے، بورڈ میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ آصف، مریم نواز، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، برجیس طاہر، حافظ حفیظ الرحمان، امیر مقام اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر سینئر رہنما شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی نئی قیمت نے ہوش اڑا دئیے
ذرائع کے مطابق تمام بورڈ اراکین کو اجلاس کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، اجلاس کل صبح 11 بجے مری میں نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔
پارٹی قیادت آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی جلد پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بلانے پر غور کر رہی ہے۔