معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،شہباز شریف

وزیراعظم کی دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے منصوبوں میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

Jun 18, 2025 | 21:27:PM
معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے منصوبوں میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات مین شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش اسکولوں اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا، اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں میں بین الاقوامی معیار کی دانش سکول اور یونیورسٹی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ہونی چاہئے۔ وزیراعظم نےان منصوبوں میں بین الاقوامی معیار کی ڈیجیٹل لائیبریری قائم کرنے اورتمام دانش سکولوں میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سمارٹ بورڈز، ای لائبریری اور دیگر جدید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام دانش اسکولوں اور یونیورسٹی میں تربیت یافتہ اساتذہ اور افرادی قوت کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے، انہوں نے کہا دانش اسکولوں میں معاشی طور پر کمزور بچوں کے لیے زیادہ سے زیادہ داخلوں کے مواقع فراہم کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں معاشی طور پر کمزور و محروم طبقات کے بچوں میں ہنر اور صلاحیتوں کی بنیاد پر عالمی سطح پر اپنا لوہا منوانے کی لا محدود استعداد ہے، معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکسان تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات مین شامل ہے، الحمد للہ یکسان تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرکے معاشرے میں طبقاتی فرق کو ختم کرنے اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاشی طور پر کمزور بچوں کو اپنا کردار ادا کیلئے موجودہ دانش سکول اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیںقوم کے ان بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

 

جائزہ اجلاس میں بریفننگ دی گئی کہ بلوچستان کے علاقوں سبی، ژوب، موسیٰ خیل، مہتر زئی اور ڈیرہ بگٹی میں 5 دانش سکول بنائے جائیں گے، کراچی اور چترال میں  دانش اسکول کی تعمیر کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے،

 کراچی اسلام آباد میں دانش اسکول کی تعمیر رواں برس میں مکمل ہو جائے گی،گلگت بلتستان میں سلطان آباد، شِگر اور استور میں دانش اسکولوں منصوبوں پر  بریفنگ دی گئی۔یہ بھی بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں بھمبر اور شاردہ میں دانش اسکولوں کی تعمیر پر کام   جاری ہے جبکہ باغ میں دانش سکول کی تعمیر پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ ملک بھر کے دانش اسکولوں میں صوبہ پنجاب میں قائم دانش سکولوں کی طرز پر میرٹ پر بھرتیاں اور معقول تنخواہ دی جائے گی،دانش اسکولز اتھارٹی ایکٹ کا مسودہ تیار ہے اور جلد حکومت سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔یہ بھی بتایا گیا کہ چین اور ترکیہ میں منعقدہ روڈ شوز میں پاکستان میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں متعدد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ 

اجلاس میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں:سیٹی زبان استعمال کرنیوالے صرف چند ہزار لوگ رہ گئے، یونیسکو کا انتباہ