ریاستی اداروں، شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کربیان بازی کا ایندھن بنانا شرمناک ہے،پی ٹی آئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(طیب سیف) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ترجمان نے عظمیٰ بخاری کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں اور شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر متنازعہ بیان بازی کا ایندھن بنانا شرمناک ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی مینڈیٹ چور سرکار کی ترجمان بدزبان ہی نہیں بددماغ بھی حد سے بڑھ کر ہے،،میڈیا پر بازاری زبان میں صدا گیری سے مجرموں کا یہ گروہ خود کو عوام کی نگاہ میں معتبر بنا سکتا ہے نہ اپنی مردہ سیاست میں کسی درجے کی جان ڈال سکتا ہے،پاکستان میں تباہی اور بربادی کی سیاہ تاریخ رقم کرنے والا ٹولہ بیہودہ بیان بازی سے خود کو ملک و قوم کا خیر خواہ ثابت کرنے میں پہلے کامیاب ہوا نہ اب ہوگا۔
اڈیالہ میں قید قوم کے حقیقی قائد کی نگاہ پاکستان اور پیچیدگی اختیار کرتے حالات پرہے اور ان سیاسی مسخروں کی پوری توجہ جوتے چمکانے پر مرکوز ہے ،چوری کی حکومت ملنے کے باوجود نکمّا، نااہل اور شرم و حیا سے محروم یہ گروہ ٹخنوں سے اوپر دیکھنے اور ذلت آمیز خوشامد کے علاوہ اپنی نوکری بچانے کا کوئی رستہ تلاش کرنے میں ناکام ہے ۔
ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسان کی محنت برباد، عوام در بدر ہیں تاہم ننگِ ناموس درباریوں کے اس گروہ کی ترجیحات ہیجان، انتشار اور تقسیم کے سوا کچھ نہیں،عوام اور ریاستی اداروں میں فاصلوں کی خلیج بڑھا کر اپنی روزی روٹی کا بندوبست کرنے والے ان گھٹیا کرداروں کا کھیل زیادہ عرصے تک نہیں چل پائے گا۔
پی ٹی آئی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو طاقت کے زور پر آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے احترام و تسلسل کی راہ سے ہٹا کر درباری ایجنڈے کی بھینٹ چڑھانے والے جلد کٹہرے میں کھڑے کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق لیگی ایم پی اے سلطانہ شاہین کینسر کے مرض میں مبتلا ہو گئیں