شوگر کے مریضوں کیلئےکم کیلوریز والی قدرتی شکر تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سائنسدانوں نےشوگرکے مریضوں کےلئے ایک نئی قسم کی قدرتی شکر تیار کرلی جو ذائقے میں عام شکرجیسی میٹھی ہے لیکن صحت کو نقصان نہیں پہنچاتی۔
اس شکرکا نام ٹاگیٹوز ہے جس میں کیلوریز بہت کم ہیں اور یہ خون میں شوگر یا انسولین کو اچانک نہیں بڑھاتی اس لیے یہ خاص طور پر شوگر کے مریضوں کے لیے مفید ہو سکتی ہے۔
ٹاگیٹوز عام شکر کے مقابلے میں تھوڑی کم میٹھی ہے، مگر ذائقہ تقریباً ویسا ہی ہوتا ہے، اس میں کیلوریز صرف ایک تہائی ہوتی ہیں یعنی وزن بڑھنے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔
یہ شکر قدرتی طور پر کچھ پھلوں اور دودھ میں بہت تھوڑی مقدار میں پائی جاتی ہے، اسی لیے پہلے اسے بنانا مہنگا اور مشکل تھا،تاہم اب سائنسدانوں نے بیکٹیریا کی مدد سے اسے آسانی سے بنانے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے،انہوں نے ای کولی نامی بیکٹریا کو اس طرح تیار کیا کہ وہ چھوٹی فیکٹریوں کی طرح کام کریں، ان بیکٹیریاز میں ایک خاص اینزائم شامل کیا گیا جو گلوکوز کو مؤثر انداز میں ٹاگیٹوز میں تبدیل کرتا ہے، اس نئے طریقے سے پیداوار کی شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی بحریہ نے نیا بغیر پائلٹ ہیلی کاپٹر متعارف کروا دیا
ڈاکٹروں کے مطابق یہ شکر دانتوں کے لیے بھی بہتر ہے اور منہ میں جراثیم کو بڑھنے نہیں دیتی، اس کے علاوہ اسے کیک یا بسکٹ بنانے میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہ گرم ہونے پر خراب نہیں ہوتی جو اکثر مصنوعی مٹھاس میں ممکن نہیں ہوتا ہے۔
یہ شکر جزوی طور پر ہضم ہوتی ہے، جس سے آنتوں میں فائدہ مند بیکٹیریا کی افزائش میں مدد مل سکتی ہے، کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق یہ وزن اور کولیسٹرول کو بہتر بنانے میں بھی معاون ہو سکتی ہے، تاہم اس پر مزید تحقیق جاری ہے۔