دھرنوں اور حکومت گرانے میں فیض حمید، عمران خان گٹھ جوڑ ملوث تھا: شمائلہ رانا

Dec 18, 2025 | 00:24:AM
دھرنوں اور حکومت گرانے میں فیض حمید، عمران خان گٹھ جوڑ ملوث تھا: شمائلہ رانا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما شمائلہ رانا نے کہا ہے کہ عمران خان کے دھرنوں اور ان کی 2018 میں قائم ہونے والی حکومت کے پیچھے فیض حمید اور عمران خان گٹھ جوڑ تھا اور انہوں نے جو کیا ہے وہ بھگتنا بھی ہوگا۔

پروگرام گونج مسعود رضا کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما شمائلہ رانا نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ خود اپنے ہی دشمن ہیں، یہ پارٹی حکومت کو للکارنے کا بیانیہ بناتی ہے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کہتے ہیں، کفن پہن کر اسلام آباد آئیں گے، ان کا ماضی بھی ایسا ہی رہا ہے، یہ کہتے ہیں کہ ہم پنجاب اور وفاق پر دھاوا بول دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ بہنوں کی عمران خان سے ملاقات پر جو پابندی ہے وہ سیاسی گفتگو کرنے پر ہے، یہ لوگ ریاست کو ڈرا کر اسی ملک پر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف کو چاہئے کہ جمہوری لوگوں سے بات کرنا سیکھے لیکن ان کو غلط فہمی ہے کہ یہ اتنے پاپولر ہیں کہ کچھ بھی کر لیں، عوام ان کے ساتھ ہوگی لیکن ضمنی انتخابات میں ان کی ہار نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے۔

پروگرام میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ غیر سیاسی اور غیر آئینی کام کوئی بھی کرے تو غلط ہے، جیل کے قانون کے مطابق ملاقات کی اجازت ہونی چاہئے اور رات میں واٹر کینن کا استعمال نہیں ہونا چاہئے تھا اور سب کے سب لوگوں پر مقدمے بنا دینا بھی غلط بات ہے حالانکہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دور میں یہ ہی کچھ کیا ہے، انتقامی سیاست کی ہے لیکن اس وقت کی حکومت اور تحریک انصاف کی حکومت میں فرق ہونا چاہئے ۔

پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ لوگ جمہوری نہیں ہیں، پرائے ووٹوں سے حکومت بنا کر جمہوریت نہیں آ جاتی، عدالت کی اجازت کے بعد بھی یہ بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں دیتے بلکہ پر امن احتجاج کرنے والوں کو بھی سردی میں کیمیکل والے پانی سے نہلاتے ہیں۔

احتجاج انہوں نے بھی کیے، ہماری حکومت میں ہم نے ان کو کہیں نہیں روکا، ان لوگوں کو خوف ہے، تبھی تو کل کے دھرنے میں شامل لوگوں پر دہشت گردی کے مقدمے قائم کر دیئے ہیں، شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ عوام اب حکومت کے ساتھ نہیں ہے، اسی لیے حکومت کا فوکس ہے کہ کوئی حکومت مخالف بات نا کرے۔

 یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب میں4.3شدت کا زلزلہ،عمارتیں لرز اٹھیں