پی ٹی آئی احتجاج سڑکیں بندش کیس ؛پشاور ہائی کورٹ کا2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک رحمان)پی ٹی آئی احتجاج سڑکیں بندش کے خلاف کیس میں پشاور ہائی کورٹ نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق سڑکوں کی بندش کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، وکیل درخواست گزار کے مطابق روڈ بندش سے مریض راستے میں دم تور گئے، معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل، آئی جی اور چیف سیکرٹری کو طلب کیا، آئی جی اور چیف سیکرٹری نے عدالت میں قبول کیا کہ احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہیں، جب ان سے احتجاجی مظاہرین کے خلاف کارروائی کا پوچھا گیا تو وہ عدالت کو مطمئن نہیں کر سکے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ روڈ بندش معاملے پر پولیس اور صوبائی حکومت کے جواب پر افسوس ہوا، آئی جی پولیس یقینی بنائے کہ کوئی روڈ ہائی وے احتجاجی مظاہرین بند نہ کریں، سڑک پر ٹریفک کی بحالی کیلئے پولیس ہر ممکن اقدامات کرے۔
عدالت عالیہ کے حکم پر پولیس متحرک ہو گئی اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے تمام ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو شاہراہیں کھولنے کی ہدایت کر دی۔
پشاور ہائیکورٹ کی ہدایت پر صوبے بھر میں بند سڑکیں کھولنے کا عمل شروع کرنے کا حکم دیدیا،آئی جی کے پی کے مطابق سڑکیں کھولنے کا مقصد عوام کی آمد و رفت میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کل 18 فروری کو نیویارک جائیں گے