مزید کلاؤڈ برسٹ دیکھنے پڑ سکتے ہیں: چیئرمین این ڈی ایم اے نے خبردار کردیا
ستمبر کے پہلے دس دنوں تک مون سون کے سپیل جاری رہیں گے، شدت 50 فیصد زیادہ ہوگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کے مزید 3 نئے سپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کی شدت پہلے سے 50 فیصد زیادہ ہوگی، لاہور، راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بونیر، باجوڑ، بٹگرام سمیت متاثرہ علاقوں میں طوفانی بارشوں سے 313 جانوں کا نقصان ہوا، گلگت بلتستان میں فلیش فلڈز اور سیاحتی حادثات پیش آئے،گلگت اور خیبرپختونخوا میں کئی آبادیوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، گمشدہ لوگوں کی تلاش کا عمل جاری ہے، متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان اور خوراک فراہم کی جائے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں گرمی کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے مون سون کا پھیلاؤ بڑھا ہے، ستمبر کے پہلے دس دنوں تک مون سون کے سپیل باقی رہیں گے، شدت 50 فیصد زیادہ ہوگی، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کیا جائے گا، مواصلات کے نقصانات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، کل سے زیادہ جانی نقصان والے اضلاع میں ریلیف پیکجز پہنچائے جائیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے نقصانات موسمیاتی تبدیلی کا ایک حصہ ہیں، من حیث القوم مل کر ان موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کریں گے، مون سون کے بعد وزارت مواصلات اور ہاؤسنگ کے ساتھ مل کر انفراسٹرکچر کی بحالی کریں گے، اگلے دو ہفتوں میں ہمارا فوکس شمالی پنجاب، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان ہوگا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں مزید کلاؤڈ برسٹ دیکھنے پڑسکتے ہیں اور کے پی جیسی صورتحال ہوسکتی ہے،شمالی پنجاب،آزاد جموں کشمیراور گلگت بلتستان میں آئندہ 3 سے 4 ہفتے میں مزید کلاؤڈ برسٹ ہونے کے امکانات ہیں،دس ستمبر تک مون سون کے مزید 3سپیل آئیں گے،سیلاب زدہ علاقوں کا مکمل سروے کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے اب تک 400سے زائدافراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:محکمہ ایکسائز میں شفافیت کے لیے فوری ای سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت
اس سے چند ہفتے قبل گلگت بلتستان میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہوا تھا جس کے بعدسیلاب سمیت لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد افراد جاں بحق ہوگئے تھے،حکام کا کہنا ہے کہ 17 سے 22 اگست تک ملک میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔