لرنر اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)موٹر سائیکل سواروں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، پنجاب میں اب ’’لرنر اور ریگولر‘‘ ڈرائیونگ لائسنس ایک ہی دن مل سکے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنسنگ کے عمل میں انقلابی تبدیلی کا اعلان کر دیا ،نئی پالیسی کے تحت موٹر سائیکل سوار اب ایک ہی دن میں اپنا لرنر پرمٹ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد لائسنس کے حصول میں ہونے والی تاخیر کو ختم کرنا اور شہریوں کو قانونی ڈرائیونگ کی طرف راغب کرنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں رواں سال اب تک 23 لاکھ 54 ہزار موٹر سائیکل لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ جاری کردہ لائسنسوں میں سے 10 لاکھ سے زائد ریگولر ڈرائیونگ لائسنس ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پراپرٹی کےریٹ میں بڑا ردوبدل!گھر یا پلاٹ خریدنے والوں کی سنی گئی
اس کے ساتھ ہی 6 لاکھ 71 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لائسنسوں کی تجدید (Renewal) کروائی، جبکہ 7 لاکھ 10 ہزار افراد نے لرنر سروسز سے فائدہ اٹھایا۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے بتایا کہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات کی ایک بڑی وجہ بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلانا ہے،انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، شہریوں کو چاہیے کہ وہ بھاری جرمانے اور قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنا لائسنس بنوائیں۔
پہلے لرنر لائسنس کے بعد ریگولر لائسنس کے لیے ایک طویل انتظار (تقریباً 42 دن) کرنا پڑتا تھا، لیکن اب اس عمل کو اسٹریم لائن کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بغیر کسی انتظار کے لائسنس فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب صوبہ بھر میں حادثات کی روک تھام کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک کا سخت حکم نامہ آ گیا،تمام ضلعی افسران کو ڈی آئی جی ٹریفک نے مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلہ کے مطابق جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ کرنے کاحکم دیا گیا ہے،بغیر لائسنس حادثات میں ملوث ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں،جن علاقوں میں بار بار حادثات ہورہےہیں وہاں اضافی نفری تعینات کی جائے،ون وے کی خلاف ورزی پر گاڑیاں بند اور چالان کئے جائیں۔
مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے اورسیٹ بلٹ نہ لگانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے،دوران سفر موبائل استعمال کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،لائن لین کی پابندی کروائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی یقینی بنائے۔