بھارتی اداکار عامر خان رو کر حب الوطنی کا ثبوت دینے پر مجبور

Jun 16, 2025 | 23:23:PM
بھارتی اداکار عامر خان رو کر حب الوطنی کا ثبوت دینے پر مجبور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز) بالی ووڈ سپر سٹار عامر خان نے انڈیا میں اپنے خلاف چلنے والی مہم کے بعد وضاحتیں دینے پر مجبور ہو گئے اور ترکیہ کے بائیکاٹ کی بھی حمایت کر دی۔

عامر خان نے حال ہی میں انڈیا ٹی وی کے مشہور شو ’آپ کی عدالت‘ میں رجت شرما کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے انڈین اداکار تھے جن کی فلم میں باقاعدہ ’پاکستان‘ کا نام لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کی مثال میری فلموں رنگ دے بسنتی، لگان اور سرفروش  میں نظر آئے گی، عامر خان پروگرام کے دوران اپنے بچوں کا ذکر جذبات پر قابو نہ رکھ پائے۔ 

عامر خان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے پہلگام حملے کے بعد خاموشی کیوں اختیار کی تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلگام حملے کی مذمت کی تھی۔ عامر خان نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر نہیں ہوں لیکن پہلگام حملے کے بعد فلم کے ٹریلر کی ریلیز موخر کر دی تھی اور صدمے کی وجہ سے کئی دن گھر سے بھی نہیں نکلا تھا۔

ترکیہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بالی ووڈ اسٹار نے کہا کہ ہمیں بالکل ترکیہ کی حمایت نہیں کرنی چاہیے، جب وہ پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، تو ہم کیوں ان کا ساتھ دیں۔ ہم نے ترکیہ میں زلزلہ آنے کے بعد سب سے پہلے ان کی مدد کی اور انہوں نے ہمارے ساتھ یہ کیا؟ یہ سراسر غلط ہے۔

عامر خان سے رجب طیب اردوغان کے ساتھ ان کی ایک تصویر پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ تصویر میری اس وقت کی تھی جب سرکار بھی ان کی مدد کر رہی تھی اور اگر کوئی چائے پر بلائے تو میرا ناں کرنا ٹھیک نہیں لگتا۔

عامر خان کے انٹرویو کے کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے کئی صارفین نے کہا کہ عامر خان کو خود کو انڈین ثابت کرنے کے لیے ایسے جواب دینے پڑ رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’اتنا بڑا اسٹار ہونے کے بعد بھی اگر عامر خان کو اپنے وفادار ہونے کی صفائیاں دینی پڑرہی ہیں تو اندازہ لگائیں ایک عام مسلمان کو کہاں کہاں کٹہرے میں کھڑا کیا جاتا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :ایران کے سرکاری ٹی وی کی عمارت تباہ، نشریات بحال