معروف یو ٹیوبر رجب بٹ کا اہلیہ سے اختلافات کے بعد ڈی ایکٹیو کیا گیا یوٹیوب چینل دوبارہ بحال
تحریر :میاں افتخار رامے
Stay tuned with 24 News HD Android App
چند دن پہلے گھریلو تنازع کی وجہ سے رجب بٹ نے اپنے یوٹیوب چینل، ٹک ٹاک اور انسٹا گرام کو پرائیویٹ کردیا تھا کیونکہ رجب بٹ کی اہلیہ ایمان اور والدہ میں ہونے والی گفتگو کا ایک وائس نوٹ لیک ہو ا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا تھا۔ وائس نوٹ میں ایمان اپنی ساس سے رو کر یہ تقاضا کر رہی تھی کہ رجب بٹ اپنے وہ لاگز میں میرے بیٹے کیوان سلطان بٹ کا تذکرہ نہ کرے کیونکہ میرے بیٹے کو اللہ نے دوسری زندگی دی ہے اور میں نہیں چاہتی کہ کیوان سلطان بٹ لوگوں کی نظروں میں آئے۔
اس وائس نوٹ کے وائرل ہونے کے بعد رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان رجب میں اختلافات شدت اختیار کرگئے اور بات طلاق تک جاپہنچی ، ذرائع نے کنفرم کیا ہے کہ ان کے درمیان صلح ہوچکی ہے اور ایمان واپس رجب کے گھر آگئی ہے جس کے بعد رجب بٹ نے اپنا یوٹیوب چینل دوبارہ بحال کردیا ہے اور دو وی لاگ بھی اپ لوڈ کیے ہیں۔
رجب بٹ اور ایمان رجب اپنی شادی کے اتار چڑھاؤ کے باوجود ایک بیٹے کے والدین بن چکے ہیں، گزشتہ سال دسمبر میں بھی رجب بٹ کے پرانے تعلقات کی خبروں کے بعد دونوں کے درمیان کشیدگی بڑھی تھی تاہم ایمان دوبارہ میکے سے سسرال لوٹ آئی تھی۔
رجب بٹ ہمیشہ کسی نہ کسی متنازعہ بیان کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہتے ہیں ، رجب بٹ کے متنازعہ بیانات میں ان کے اپنے پرفیوم لانچ کے دوران توہینِ مذہب کا الزام بھی عائد تھا جب این سی سی آئی میں ان کی تحقیقات کا آغاز ہوا تو وہ برطانیہ منتقل ہوگئے تھے پھر انہیں پاکستان ڈی پورٹ کردیا گیا جس کے بعد ان کے کیسز مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ۔
پاکستان واپسی کے بعد رجب بٹ جب کراچی سٹی کورٹ میں پیشی کے لیے گئے تب انہیں وکلا نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں ۔ رجب بٹ پر حملہ کرنے والے وکلاء نے الزام لگایا تھا کہ رجب بٹ نے ایک وی لاگ میں مدعی مقدمہ کے حوالے سے نامناسب الفاظ کہے تھے ۔
رجب بٹ اور ایمان رجب کے درمیان بڑھتی ہوئی گشیدگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اب بھی بحث جاری ہے لیکن فی الحال رجب بٹ اور ایمان رجب نے اس معاملے پر کوئی رد عمل نہیں دیا.