بشریٰ انصاری کی پہلی بار اپنے دوسرے شوہر کے ہمراہ ویڈیو جاری 

Apr 16, 2024 | 13:11:PM
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے پہلی بار اپنے دوسرے شوہر ڈراما نگار اقبال حسین کے ہمراہ ویڈیو جاری کردی۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے پہلی بار اپنے دوسرے شوہر ڈراما نگار اقبال حسین کے ہمراہ ویڈیو جاری کردی۔ 

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر دوسرے شوہر اقبال حسین کے ساتھ ویڈیو جاری کی ہے جس میں اُن کا اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب مجھ سے مختلف سوالات پوچھتے رہتے ہیں کہ آپ کے شوہر کہاں ہیں اور کیا آپ اکیلی رہتی ہیں؟ تو آج آپ کے تمام سوالات کا جواب حاضر ہیں۔

طویل دورانیے کی اس ویڈیو میں بشریٰ انصاری اور اقبال حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں تھوڑی سی بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنا جرم سمجھا جاتا ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ پہلی شادی کی طلاق کے بعد جب وہ ڈراما سیریل ’سیتا باگڑی‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے تو اقبال حسین نے یہ کہتے ہوئے انہیں پروپوز کیا کہ دونوں اکیلے رہتے ہیں کیوں نا زندگی ایک ساتھ گزاری جائے’۔ اداکارہ نے بتایا کہ پہلے وہ شادی کے لیے راضی نہیں تھیں مگر دوست اور عزیز و اقارب بالخصوص بدر خلیل ،روبینہ اشرف، بہروز سبزواری، سلطانہ صدیقی کے سمجھانے پر انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ دونوں اپنی شادی کو مثال بنانا چاہتے ہیں کہ 30 یا 35 سال کی عمر میں طلاق کے بعد بھی آپ دوبارہ شادی کرسکتے ہیں اگر آپ کے پاس کوئی آپشن موجود ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ خاص طور پر ایسی خواتین جو کسی وجہ سے اکیلی رہ جاتی ہیں اور ان کے پاس دوسری شادی کا کوئی آپشن موجود ہے تو وہ دوسری شادی کے فیصلے کا سوچ سکتی ہیں، کئی بچے اپنے والد کی خود دوسری شادیاں کرواتے ہیں لیکن اپنی والدہ کی دوسری شادی قبول نہیں کرپاتے۔

مزید پڑھیں: جیٹ فلائٹ اٹینڈنٹ کی مزاحیہ ویڈیو نے سامعین کو ہنسنے پر مجبور کردیا

گفتگو کے دوران اداکارہ نے کہا کہ اقبال حسین ان سے چھوٹے ہیں تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ دونوں کے عمر میں کتنا فرق ہے، بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اقبال حسین کی سوچ اور انداز سے متاثر ہوئی تھیں، وہ اپنی عمر سے زیادہ میچور ہیں۔ اس دوران اقبال حسین نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بوڑھی عورت سے شادی کرنے پر تنقید کی جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، جو لوگ ایسا سوچتے ہیں کہ بڑی عمر کی خواتین سے شادی کرنا بُرا ہے وہ اصل میں نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے سے بڑی عمر کے لوگوں میں بیٹھنا اور گفتگو کرنا اور دوستی کرنا پسند کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2019 میں پہلی بار ان دونوں کی شادی کے حوالے سے خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔

تاہم بشریٰ انصاری اور اقبال حسین نے کبھی بھی ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی لیکن انہیں معروف میزبان ندا یاسر کے بھائی کی شادی سمیت کئی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔

بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2020 میں اپنی طلاق پر کھل کر گفتگو کی اور 2023 میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی لیکن انہوں نے اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی شادی کس سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب اقبال حسین ہدایت کار اور مصنف ہیں جبکہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔ اس سے قبل اقبال حسین کی پہلی شادی اداکارہ اور میزبان فرح سعدیہ المعروف فرح حسین سے ہوئی تھی۔